کالمز / بلاگ

موسم سرما اور  بڑھتے خطرات

 تھوڑی سی احتیاط حادثات سے بچا سکتی ہے
Nov 26, 2021

پاکستان ایک خوش قسمت ملک ہے یہاں چاروں موسم ڈیرہ جماتے وقت اپنی آمد کا احساس دلا دیتے ہیں۔ گرمی ہو، سردی، موسم بہار یا پھر خزاں ہر موسم اپنا رنگ لیے آتا ہے۔  اب چوں کہ پاکستان میں موسم سرما کا آغاز ہوچکا ہے ایسے میں بے احتیاطی سے ہونے والے حادثات بھی سننے اور پڑھنے کو ملتے ہیں۔ چند ہفتے قبل اٹک میں شادی کی تقریب میں گیس لیک ہونے کی بنا پر خوفناک دھماکہ ہوا جس سے 6 خواتین سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے تھے۔ دھماکہ سے ہونے والی آتشزدگی نے جہاں بہت کچھ جلا کر خاکستر کیا تو وہیں انسانی جانوں کو بھی زخمی کرکے نقصان پہنچایا۔

ہمارے ہاں اس چیز کی آگاہی ضروری ہے کے اپنے گھروں میں گیس پائپ اور اس کی سپلائی کی جانچ کسی انجینئر سے کروا لی جائے تاکہ جہاں بھی گیس کی فراہمی میں لیک پایا جائے تو اس کا فوری تدارک کیا جاسکے۔

ترقی یافتہ ممالک نے ایسے گیس میٹرز لگانے ہی بند کر دیے ہیں جو عمارات کو خطرے کی صورت میں تحفظ نہیں دے سکتے۔ اب اکثر ممالک ایسے گیس اور بجلی کے میٹرز لگاتے ہیں جہاں ذرا سی بھی گیس لیک ہو تو میٹر خود بخود ہی بند ہو جاتا ہے۔ اگر بجلی کی ایک چیز بھی شارٹ کر جائے تو میٹر فوراً بجلی کی سپلائی پورے گھر میں منقطع کر دیتا ہے۔

یقیناً ایسے میٹرز پاکستان میں بھی دستیاب ہونگے اور بہت سے گھروں میں لگائے گئے ہونگے لیکن اس کے باوجود ان احتیاطی تدابیر کو عام کرنا ضروری ہے کے ہر گھر میں ایسے محفوظ میٹرز لگائے جائیں  ۔اس کے لیے حکومت کو چاہیے کہ لازمی قانون بنائے یہی نہیں بلکہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح ایسے میٹرز گھروں میں مفت لگائے جائیں۔

بڑھتی ہوئی سردی میں گیس کے ہیٹر کو رات کو لگا کر سو جانے کی غفلت بھی بھاری جانی نقصان کا باعث بنتی جارہی ہے۔ جس کے سبب  گیس بند ہونے اور پھر سپلائی واپس آنے پر انسانی جانوں کے ضیاع کی دلخراش خبریں سننے کو ملتی ہیں۔ ہر شہریوں کے لیے یہ آگاہی ضروری ہے کہ گیس کے ہیٹر رات کو بند کرکے سونا چاہیے تاکہ ایسے حادثات نہ ہوں۔

موسم سرما کی دھند میں ٹریفک حادثات کا تناسب بھی بڑھتا جارہا ہے۔ ایسے میں ہمارے معاشرے میں رویے بدلے بغیر بہتری نہیں لائی جاسکتی۔ اکثر ایک دوسرے سے آگے بڑھنے کی دوڑ میں ٹریفک حادثات ہوتے ہیں جن کو سمجھداری اور تحمل کے ساتھ  ڈرائیونگ کرتے ہوئے روکا جاسکتا ہے۔

اگر آپ اپنی گاڑی پر سفر  پر روانہ ہو رہے ہیں تو موسم سرما میں بیٹری کی جانچ کرنے کے ساتھ اپنی گاڑی کے بریکس اور ہیڈ لائٹس ضرور چیک کرلیں تاکہ سفر میں کسی پریشانی اور حادثے کا شکار نہ ہوں۔

کوئی شک نہیں حفاظت کرنے والا اللہ رب کریم ہے لیکن انسان کو چاہیے تمام احتیاطی   تدابیر اختیار کرے تاکہ غفلت کے سبب کسی حادثے کا شکار نہ ہو۔

چند لمحوں کی خطا عمر بھر کے لیے پچھتاوا بن سکتی ہے۔ معاشرے میں ان چھوٹی چھوٹی باتوں کی آگاہی بہت اہمیت کی حامل ہے تاکہ نہ تو خود کو اور نہ  ہی اپنے پیاروں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا جائے۔

winter season

precautions

Tabool ads will show in this div