بٹ کوائن ایک ماہ کی کم ترین سطح پر آگیا

ڈیجیٹل کرنسی میں 55ہزار ڈالر پربھی خریداروں کی عدم دلچسپی

Bitcoin-vs-Ethirium_web

دنیا کی مقبول ترین کرپٹو کرنسی بٹ کوائن کی قیمت ایک ماہ کی کم ترین سطح 55 ہزار ڈالر پر آگئی، تاہم اس کے باوجود بھی سرمایہ کاروں کی جانب سے خریداری میں عدم دلچسپی دیکھنے میں آرہی ہے۔

کرپٹو کرنسی مارکیٹ میں رواں ماہ 15 نومبر سے مندی کا سلسلہ شروع ہوا جبکہ ایک ہی دن میں بٹ کوائن 5 ہزار ڈالر گرگیا اور ایک بٹ کوائن 60 ہزار ڈالر کی سطح سے بھی نیچے آگیا، اس کے بعد بھی اُتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری ہے، لیکن قیمت گرنے کا رجحان غالب ہے اور بٹ کوائن 59 ہزار اور 56 ہزار ڈالر کے درمیان ٹریڈ کرتا رہا، یہاں تک کہ بدھ کو بٹ کوائن 1.59 فیصد گر کر 55 ہزار 460 ڈالر کی سطح پر آگیا جو ایک ماہ کی کم ترین سطح ہے۔

کرپٹو مارکیٹ میں حالیہ مندی کی بڑی وجہ پرافٹ ٹیکنگ بتائی جارہی ہے، جس کے تحت بڑے سرمایہ کار گروپس جنہوں نے سستے بٹ کوائن خریدے تھے وہ منافع حاصل کرنے کی غرض سے اب فروخت کررہے ہیں۔

پہلے توقع ظاہر کی جارہی تھی کہ 60 ہزار ڈالر کی سطح پر خریداری آجائے گی لیکن 60 ہزار کے لیول پر فروخت کی رفتار تو کم ہوگئی لیکن خریداری نظر نہیں آرہی، جس کی وجہ سے بٹ کوائن دباؤ کا شکار ہے۔

سرمایہ کاروں کی پرافٹ ٹیکنگ حکمت عملی پر ڈٹے رہنے کا اس سے بھی اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ پہلا ملک ایلسلواڈور جس نے بٹ کوائن کو قانونی حیثیت دی ہے، اب ایلسلواڈور حکومت کی جانب سے بٹ کوائن مائننگ کیلئے الگ شہر بسانے کا اعلان کیا گیا ہے لیکن اس خبر کا بھی بٹ کوائن کی قدر پر مثبت اثر نہیں ہوا۔

کرپٹو ماہرین کی جانب سے امکان ظاہر کیا جارہا ہے کہ 55 ہزار ڈالر کی سطح پر بھی خریداری نہیں ہوئی تو بٹ کوائن کی اگلی منزل 50 ہزار ڈالر ہوگی۔

بدھ کو بٹ کوائن کی قدر میں زیادہ گراوٹ کی ایک وجہ بھارتی حکومت کا اعلان بھی ہے، جس میں بھارتی حکومت نے کہا ہے کہ کرپٹو کرنسیوں کیخلاف قانون سازی کی جائے گی، بھارتی حکومت کے اس فیصلے کے نتیجے میں بھی بٹ کوائن پر دباؤ بڑھ گیا۔

بٹ کوائن کے ساتھ دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں کی قیمتوں میں بھی کمی دیکھی گئی اور بدھ کو شیبا کی قیمت 10 فیصد، مانا کی قیمت میں 19 فیصد، کاردانو کی قیمت 10 فیصد، گالا کے نرخ 12 فیصد گر گئے۔ البتہ دوسری بڑی ڈیجیٹل کرنسی ایتھریم بھی 24 گھنٹے کی ٹریڈنگ میں 4 ہزار 189 ڈالر اور 4 ہزار 201 ڈالر کے درمیان رہا جو اس کی ایک ماہ کی کم ترین سطح ہے۔

ایتھریم 4 ہزار 849 ڈالر کی بلند ترین سطح سے اس لیول پر آیا ہے تاہم گزشتہ دن کے مقابلے میں ایتھریم کی قیمت 2.4 فیصد اضافہ ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ فروخت کا دباؤ آئندہ دنوں بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔

cryptocurrency

Tabool ads will show in this div