شوکت ترین کیلئے راہ ہموار،ایوب آفریدی سینیٹ رکینت سے مستعفی

خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے سینیٹر ایوب آفریدی نے سینیٹ رکنیت سے استعفیٰ دے دیا، جسے سینیٹ کے چیئرمین صادق سنجرانی نے منظور کرلیا۔
حکومت نے اسی نشست سے مشیر خزانہ شوکت ترین کو سینیٹر بنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ سینیٹر ایوب آفریدی کی نشست خالی ہونے کا نوٹی فیکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ سینیٹ رکنیت سے مستعفیٰ ہونے کے بعد ایوب آفریدی کو وزیراعظم کے مشیر برائے اوورسیز پاکستانی تعینات کیا جائے گا۔
وزیر اعظم کی سفارش پر صدر مملکت کی جانب سے ایوب آفریدی کو وزیر اعظم کا مشیر برائے اوورسیز بنانے کی باضابطہ منظوری دی جائے گی۔ صدر مملکت کی منظوری کے بعد کابینہ نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔ کابینہ ڈویژن نے ایوب آفریدی کے تقرری کی سمری صدر کو بھجوادی ہے۔ اس سے قبل زلفی بخاری اوورسیز وزارت کے معاون خصوصی تھے۔

سینیٹ سیکرٹریٹ نے ایوب آفریدی کی نشست خالی قرار دے کر نوٹیفکیشن جاری کردیا جس سے الیکشن کمیشن کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن خالی نشست پر 30 روز میں انتخاب کرانے کا پابند ہے۔
واضح رہے کہ اس سے پہلے یہ اطلاعات گردش کر رہی تھیں کہ حکومت نے مشیر خزانہ شوکت ترین کو پنجاب یا خیبر پختونخوا سے بطور سینیٹر منتخب کرانے کا ارادہ بنایا ہے، تاہم سرکاری سطح پر اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 18 اکتوبر کو سابق وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین کو وزیر اعظم عمران خان کا مشیر خزانہ مقرر کردیا گیا تھا جبکہ انہوں نے 17 اپریل 2021 کو وفاقی وزیر خزانہ کا حلف اٹھایا تھا۔
شوکت ترین، رکنِ پارلیمنٹ نہیں ہیں اس لیے انہیں وزیر اعظم عمران خان کے خصوصی اختیارات کے تحت 6 ماہ کے لیے وفاقی وزیر خزانہ کا منصب تفویض کیا گیا تھا۔ 6 ماہ کی مدت مکمل ہونے کے بعد شوکت ترین کو وزیراعظم کا مشیر خزانہ مقرر کردیا گیا تاہم بطور مشیر خزانہ وہ اقتصادی رابطہ کمیٹی اور ایکنک سمیت کمیٹیوں کی سربراہی کے مجاز نہیں ہیں۔
امکان ہے کہ شوکت ترین کو خبیرپختونخوا سے جنرل نشست پر سینیٹر بنایا جائے گا۔