سماجی کارکن کے نام پر محمد زادہ شہید اینٹی نارکوٹکس فورس قائم

ملاکنڈ میں سماجی کارکن محمد ذادہ کے قتل کے بعد ضلعی انتظامیہ متحرک ہوگئی ہے اور انسداد منشیات کے لیے محمد ذادہ شہید نارکوٹکس فورس بھی قائم کردی گئی ہے جو ڈرگ مافیا کے خلاف کارروائی کرے گی۔
کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام نے محمد زادہ شہید اینٹی نارکوٹکس فورس کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ منشیات فروشوں کی بیخ کنی کے لیے کسی قسم کے کارروائی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔
سید ظہیرالاسلام کا کہنا تھا کہ ڈرگ ڈیلرزاور ان کے سہولتکاروں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی ان کے ساتھ کوئی رعایت برتی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد زادہ کی موثرآواز دبانے کیلئے ڈرگ ڈیلرزنے انہیں شہید کیا مگر ان کا مشن ہم جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سرکاری اہلکار جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ ملوث پایاگیا تو ان کو بھی قانون کے کٹہرے میں کھڑا کرکے مجرموں جیسا سلوک کریں گے۔ اس سے قبل کمشنر ملاکنڈ ڈویژن ظہیرالاسلام نے محمد زادہ کے غمزدہ خاندان کے ساتھ اظہارتعزیت کیا اور شہید کے قبرپر پھولوں رکھے۔
واضح رہے کہ سوشل میڈیا اکٹیوسٹ اور سماجی کارکن محمد زادہ کو 8 نومبر کو سخاکوٹ کے علاقے میں منشیات فروشوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا جس کے بعد علاقہ مکینوں کے احتجاج کے بعد وزیراعلیٰ محمود خان نے ڈپٹی کمشنر اور اسسٹنٹ کمشنر کو ان کے عہدوں سے برطرف کردیا تھا۔