پاکستان کوچیمپئینز ٹرافی کی میزبانی مل گئی

آخری ٹرافی پاکستان نے2017 میں اپنے نام کی تھی
فوٹو: پی سی بی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان کو 2025 میں چیمپئینز ٹرافی کی ميزبانی دیدی۔

آئی سی سی کے مطابق پاکستان کو 2025 میں چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی دی گئی ہے، پاکستان 25 سال کسی بھی آئی سی سی ایونٹ کی میزبانی کے فرائض سرانجام دے گا جبکہ 1996 میں آخری بار پاکستان نے عالمی کپ کی مشترکہ میزبانی کے فرائض نبھائے تھے۔

دوسری جانب آئی سی سی کےاعلان کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھی اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر شائقین کرکٹ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے 2017 کی چیمپئینز ٹرافی میں جیت کر یادگار لمحات کو شیئر کیا ہے۔

چئیرمین پی سی بی رمیز راجا کا بیان

پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین رمیز راجہ نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کی میزبانی پاکستان کو سونپنے پر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کا شکریہ ادا کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے انعقاد سے ہم دنیا کو بتائیں گے کہ پاکستان اس کھیل سے کتنی محبت کرتا ہے۔

رمیز راجہ نے کہا کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2025 کے ذریعے ہم دنیا کو بآور کروائیں گے کہ ہم کتنے عظیم میزبان ہیں ،جہاں ہم اس کھیل سے اپنی محبت کا مظاہرہ کریں گے ۔ یہ ایونٹ پاکستان میں رہنے والے شائقین کرکٹ کے لیےکسی اعزاز سے کم نہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ اب ہمیں آئی سی سی کی توقعات اور مقررہ معیار کے مطابق ایک ایونٹ کے کامیاب انعقاد کی منصوبہ بندی کرنی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ہمیں ایک ایسی مضبوط ٹیم بھی تیار کرنی ہے کہ جو ہوم گراؤنڈ کے سامنے میدان میں اترے اور شاندار کھیل کا مظاہرہ کرے۔

انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے فیصلے کے بعد انگلینڈ، آسٹریلیا اور اب آئی سی سی ایونٹ پاکستان میں ہونا اس بات کی دلیل ہے پاکستان میں کوئی سیکورٹی مسائل نہیں، ہم کوشش کرینگے قوم کی امیدوں پر پورا اتریں۔

اس سے قبل 2008 میں پاکستان کو چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی دی گئی تھی تاہم سیکورٹی وجوہات کی بنا پر جنوبی افریقہ منتقل کردی گئی تھی۔

آئی سی سی کے اعلان کے مطابق بھارت 2024 سے 2031 کے دوران تین آئی سی سی ایونٹس کی میزبانی کرے گا۔

اسی طرح 2024 کا ٹی20 ورلڈکپ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہوگا۔ 2026 ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی بھارت اور سری لنکا کریں گے۔ 2027 میں جنوبی افریقا، زمبابوے، نمیبیا ون ڈے ورلڈکپ کی میزبانی کریں گے۔

سال 2028 کے ٹی20 ورلڈکپ کی میزبانی آسٹریلیا اور نیوزی لیںڈ کے حصے میں آئی ہے جبکہ بھارت دوبارہ 2029 میں چیمپئینز ٹرافی کی میزبانی کرے گا۔

انگلینڈ، آئرلینڈ اور اسکاٹ لینڈ 2030 ٹی20 ورلڈکپ کے مشترکہ میزبان ہوں گے جبکہ 2031 ون ڈے ورلڈکپ کی مشترکہ میزبانی بھارت اور بنگلادیش سپرد کی گئی ہے۔

آئی سی سی بورڈ کے اس فیصلے کا مطلب ہے کہ فروری 2025 میں پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹورنامنٹ کا میزبان پاکستان اس ایونٹ میں اپنے ٹائٹل کا دفاع بھی کرے گا۔

واضح رہے کہ ٹورنامنٹ میں 8 ٹیموں کے مابین کُل 15 میچز کھیلے جائیں گے۔ یہ میچز تین مختلف مقامات پر کھیلے جائیں گے۔

ICC Event

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div