پاکستان، آسٹریلیا کی ٹی20ورلڈکپ میں کارکردگی

قومی کرکٹ ٹیم بابراعظم کی کپتانی وہ کارنامے سرانجام دے رہی جو اس سے قبل پاکستانی ایک خواب سمجھتے تھے، بابر الیون یواےای کے گراؤنڈز میں 17 مسلسل میچز میں ناقابلِ شکست ہے اور یہی وجہ ہے کہ کینگروز کے دماغ میں شکست کا خوف منڈلا رہا ہے۔
ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان نے افتتاحی میچ بھارت کیخلاف کھیلا جس میں قومی ٹیم نے ناقابلِ یقین پرفارمنس دیکر کئی مضبوط ٹیم بھارت کو 10 وکٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی اور میگا ایونٹ میں دوسری ٹیموں کےلیے خطرے کی گھنٹی بجائی۔
ایونٹ کا دوسرا میچ پاکستان نے نیوزی لیںڈ کیخلاف کھیلا، جس نے حال ہی میں سیکورٹی خدشات کا بہانا بناکر دورہ پاکستان یکطرفہ طور پر منسوخ کردیا تھا، پاکستان نے انہیں 5 وکٹوں کی شکست سے دوچار کیا جس کے بعد کیویز کی سیمی فائنل میں رسائی بھی خطرے میں پڑگئی تھی۔

میگا ایونٹ کے تیسرے میچ میں پاکستان نے حریف افغانستان کو بھی 5 وکٹوں سے شکست دی، اس میچ کی خاص بات یہ تھی کہ اننگز کے آخری لمحات میں پاکستان کو جیت کےلیے 2 اوورز میں 24 رنز درکار تھے تاہم آصف علی کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت بابرالیون نے ہدف ایک اوور قبل ہی حاصل کرلیا۔
قومی ٹیم کا چوتھا اور پانچواں میچ نسبتا آسان ٹیموں سے تھا جس میں نمیبیا اور اسکاٹ لیںڈ کی ٹیمیں شامل تھیں، پاکستان نے دونوں ٹیموں کو باالترتیب 45 اور 72 رنز کی شکست دوچار کرتے ہوئے ایونٹ سے باہر کردیا۔
اسی طرح سیمی فائنل میں پہنچنے والی آسٹریلوی ٹیم پر نظر ڈالیں تو کینگروز کا آغاز اچھا رہا انہوں نے ایونٹ میں جنوبی افریقہ کو 5 وکٹوں جبکہ سری لنکا کو 7 وکٹوں کے بڑے مارجن سے شکست دی۔

آسٹریلوی ٹیم کو ایونٹ میں پہلی شکست روایتی حریف انگلینڈ کیخلاف اٹھانی پڑی، آسٹریلوی ٹیم اس میچ میں محض 125 رنز تک محدود رہی جبکہ انگلینڈ کی جانب سے جوز بٹلر نے جارحانہ 71 رنز بنائے اور ٹیم کو 8 وکٹوں اور 50 گیندوں قبل ٹارگٹ تک پہنچا دیا جس سے آسٹریلیا کے سیمی فائنل کی راہ مشکل میں پڑگئی۔
کنگروز نے جلد شاندار کم بیک کیا اور کمزور حریف بنگلادیش اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کو 8، 8 وکٹوں کی بڑی شکست دیکر اپنا رن ریٹ بہتر کیا اور میگا ایونٹ کے سیمی فائنل کےلیے کوالیفائی کیا۔
آسٹریلیا کو سیمی فائنل میں پاکستان کا چیلنج درپیش ہے، آئی سی سی ٹی20 ورلڈکپ کا یہ اہم میچ 11 نومبر کو کھیلا جائے گا، 10 سال یواےای کے میدان پاکستان کا ہوم گراؤنڈ رہے اس وجہ سے قومی ٹیم کو فیورٹ قرار دیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ آسٹریلیا نے 2010 کے ٹی20 ورلڈکپ سیمی فائنل میں پاکستان کو شکست سے دوچار کیا تھا اس میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کیخلاف 195 رنز کا ہدف سعید اجمل کے اوور میں 4 چھکے لگا کر حاصل کیا تھا۔