کیا یہ دنیا کا سب سے بڑا آلو ہے؟

کیا آپ نے کبھی سوچا ہے کہ آپ کسی روز چلتے جا رہے ہو اور اچانک آپ کا پاؤں کسی بڑی بھاری چیز سے ٹکراتا ہے اور جب آپ اس چیز کو نکل کر دیکھتے ہیں تو وہ ایک دیو قامت آلو ہوتا ہے۔ آپ کے ساتھ نہ سہی مگر نیوزی لینڈ کے جوڑے کے ساتھ یہ ضرور ہوا ہے۔
امریکی ذرائع ابلاغ کے ادارے نیشنل پبلک ریڈیو ( این پی آر ) کے مطابق نیوزی لینڈ میں مقیم کولن اور ڈونا کریگ اپنے گارڈن کی صفائی کر رہے تھے کہ اچانک کولن کے پاؤں کسی چیز سے ٹکرایا جو زمین کے نیچے موجود تھی۔

دونوں نے جب زیرِ زمین مٹی میں پھنسی اس چیز کو باہر نکالنے فوراً اس جگہ کی کھدائی شروع کی تو انہیں ایک عجیب و غریب سی شکل کی چیز نظر آئی جسے انہوں نے باہر نکال کر کانٹے والے چمچے کی مدد سے اس کی تھوڑی سے سطح کُھرچ کر اسے چکھا۔ جیسے ہی انہوں نے زمین سے نکلنے والی اس چیز کو چکھا تو انہیں معلوم ہوا کہ یہ تو ایک آلو ہے۔

ڈونا کریگ کا کہنا تھا کہ انہیں یقین نہیں ہو رہا تھا کہ یہ بہت بڑا تھا اور دکھنے میں بہت عجیب سا تھا۔ کیوی جوڑے کے مطابق اس آلو کا وزن 7 کلو 900 گرام ہے، جو ایک چھوٹے کتے کے برابر ہے اور شاید یہ دنیا کا سب سے بڑا آلو ہو سکتا ہے۔
دوسری جانب امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق 30 اگست کو آلو دریافت ہونے کے بعد جوڑے کا آلو کا چھوٹا سا فارم مقبول ہوگیا۔ انہوں نے اس آلو کا نام پوٹیٹو ڈوگ' رکھا ہے۔ نیوزی لینڈ میں مقیم کولن اور ڈونا کریگ نے آلو کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کیلئے ایک چھوٹی کارٹ بھی بنا رکھی ہے اور وہ اسے اپنے ساتھ باہر لے کر بھی جاتے ہیں جس سے لوگ محظوظ ہوتے ہیں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل دنیا کے سب سے بڑے آلو کا گنیز ورلڈ ریکارڈ برطانیہ کے پاس ہے، یہ ریکارڈ سال 2011 میں درج کیا گیا تھا۔ برطانیہ میں ملنے والی آلو کا وزن 5 کلو تھا۔ نیوزی لینڈ کے جوڑے کا کہنا ہے کہ انہوں نے بھی ڈوگ کیلئے گنیز ورلڈ ریکارڈ میں درخواست درج کر رکھی ہے اور وہ ان کے جواب کے منتظر ہیں۔

آلو کی حفاظت سے متعلق ان کا کہنا تھا وہ آلو کو اپنے ساتھ باہر لے کر جاتے ہیں جس کی وجہ سے وہ خشک ہونے کے ساتھ ساتھ اپنا وزن بھی کھو رہا ہے جب کہ اس میں پھپھوندی بھی لگنا شروع ہو گئی ہے۔ وہ اسے صاف کرنے کے بعد فریزر میں رکھتے ہیں تا کہ یہ خراب نہ ہو۔