کالعدم تنظيم کااحتجاج پرامن طورپرختم کرانےکی جانب اہم پیشرفت

ریاست کی رٹ ہرصورت قائم رکھی جائےگی،وزیراعظم

عمران خان نے علمائے کرام سے ملاقات میں بڑی پيشکش کرتے ہوئے کہا کہ اگر سعد رضوی کی رہائی کے لیے عدالتیں حکم دیں تو ہمیں اعتراض نہیں ہوگا ليکن ایگزیکٹوآرڈرجاری نہیں کريں گے۔ 

وزیراعظم عمران خان نے علماء سے مشاورت میں سعد رضوی کی رہائی کا معاملہ علماء کے مطالبے پر عدلیہ پر چھوڑ دیا تاہم انہوں نے کہا کہ یہ رعایت مذاکرات کی کامیابی اور احتجاج کے خاتمے سے مشروط ہے۔

وزیراعظم نے واضح کیا کہ حکومت لانگ مارچ کے شرکاء پر تشدد کرنا نہیں چاہتی لیکن ریاستی رٹ ہر صورت قائم رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے تشدد کا راستہ نہیں اپنایا فائرنگ مظاہرین کی جانب سےکی گئی، صرف ٹی ایل پی والے نہیں ہم سب عاشق رسولؐ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فرانس کے سفیر کو نکالنے سے مسئلہ حل نہیں ہوگا دنیا کو بتانا ہے کہ توہین رسالت سے اربوں مسلمانوں کے دل دکھتے ہیں۔

عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ماضی میں کسی وزیراعظم نے توہین رسالت کے معاملے پر بات نہیں کی جتنی اس حکومت نے اسلاموفوبیا کے خلاف دنیا کے ہر فورم پر آواز اٹھائی۔

  علماء کرام کی 12 رکنی کميٹی تشکیل دیدی گئی

دوسری جانب وزيراعظم  سےعلمائے کرام کی ملاقات ميں 12 رکنی کميٹی بنادی گئی، وزيرمذہبی امور نورالحق قادری کا کہنا ہے کہ وزيراعظم نے واضح کيا کہ حکومت خون خرابہ نہیں چاہتی ہميشہ بامقصد اورسنجيدہ مذاکرات کو خوش آمديد کيا۔

وزير مذہبی امور نورالحق قادری نے پريس کانفرنس ميں بتايا کہ ملاقات بہت اچھی رہی اور علمائے کرام نے معاملے کے ُپرامن حل کیلئےتعاون کایقین دلایا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے موجودہ صورتحال پر علما کرام کے وفد کا نقطہ نظر سنا اور حکومتی مؤقف سے بھی آگاہ کیا۔

نورالحق قادری کا کہنا تھا کہ وزيراعظم نے علماء کرام کو کہا کہ ہم نے ہميشہ بامقصد اور سنجيدہ مذاکرات کو خوش آمديد کہا ہے ہم نہيں چاہتے کہ ملک ميں خونريزی اور تصادم ہو

صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ حکومت نے يقين دہانی کرائی ہے کہ مذاکرات تک کارروائی نہيں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ مختلف جگہوں پر مذاکرات چل رہے ہيں سب سے گزارش ہے کہ موقع ديں تاکہ مذاکرات کامياب ہوجائيں،حکومت نے يقين دہانی کرادی کہ کوئی تشدد نہيں ہوگا۔

TLP protest

PM IK

Tabool ads will show in this div