بلوچستان کے نئے وزیراعلیٰ آج حلف اٹھائیں گے

بلوچستان کے نامزد وزیراعلیٰ میرعبدالقدوس بزنجو آج وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔
ترجمان گورنر ہاوس کے مطابق گورنر ہاوس میں ایک سادہ مگر پروقار وزیرعلیٰ بلوچستان کی حلف برداری کی تقریب ہوگی جس میں میرعبدالقدوس بزنجو وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا میر عبدالقدوس بزنجو سے صوبے کے وزیر اعلیٰ سے عہدے کا حلف لیں گے۔
ترجمان کے مطابق تقریب میں اراکین اسمبلی، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنما، سول سوسائٹی، عسکری اور سویلین حکام شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ 25اکتوبر کو میر عبدالقدوس بزنجو نے اسپیکر اسمبلی کے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا جبکہ اس سے ایک روز قبل جام کمال وزیراعلیٰ بلوچستان کے عہدے سے مستعفی ہوئے تھے۔
جام کمال کی جانب سے عہدہ نہ چھوڑنے پر ناراض اراکین نے اپوزیشن کے ساتھ مل کر تحریک عدم اعتماد جمع کروائی تھی جوکہ وزیراعلیٰ بلوچستان کے مستعفی ہونے کے بعد واپس لے لی گئی۔
صوبائی اسمبلی کے اسپیکر کے لیے میر جان جمالی کا نام فائنل کیا گیا ہے۔
جام کمال خان
سابق وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے اور ہم سب ایک ہیں عبدالقدوس بزنجو اور جان جمالی کے لیے میری نیک خواہشات ہیں۔
اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ ہم سب بلوچستان عوامی پارٹی کے طور پر ایک ساتھ کھڑے ہیں اور تمام متفقہ فیصلوں پر ڈٹے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ ہمارے اختلافات میرے استعفے سے پہلے تھے لیکن اس کے بعد کچھ نہیں ہے، پارٹی میں کوئی گروپ بندی نہیں ہے اور ہم سب ایک ہیں۔