صحتمندانہ تفریحی ماحول کی فراہمی کیلئے کوششیں کررہے ہیں، کے ڈی اے

تمام گراؤنڈز کا قبضہ ڈائریکٹر اسپورٹس کے حوالے کیا جائے، ڈی جی
Oct 25, 2021

ڈی جی کے ڈی اے کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں شہریوں کو تفریحی اور صحتمندانہ ماحول فراہم کرنے کیلئے ادارہ ترقیات کراچی اپنی تمام تر توانائیاں صرف کررہا ہے، شہر بھر میں کے ڈی اے اراضی پر قائم تفریحی پارکس سمیت کھیل کے میدانوں کو آباد کرنے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے جارہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار ڈائریکٹر جنرل ادارہ ترقیات کراچی آصف علی میمن نے اسٹریٹ 5 اور اسٹریٹ 15 سیکٹر 5 ایف نارتھ کراچی ٹاؤن شپ کے دورے کے موقع پر کیا۔

انہوں نے ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ کو ہدایت کی کہ تمام واگزار کرائے گئے گراؤنڈز کا قبضہ ڈائریکٹر اسپورٹس کے حوالے کیا جائے، ڈائریکٹر اسپورٹس کھیلوں کے میدان آباد کرنے کیلئے حکمت عملی مرتب کرکے تحریری طور پر جلد از جلد رپورٹ پیش کریں، مثبت تجاویز کی روشنی میں پارکس اور میدانوں کو اصلی حالت میں لایا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ رفاہی پلاٹوں کو کمرشل استعمال کی کسی صورت اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ تجاوزات کیخلاف بھرپور کارروائی کے دوران کسی قسم کا دباؤ قبول نہیں کیا جائے گا اور آپریشن کو منظقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔

دورے کے موقع پر ڈی جی کے ڈی اے کے ہمراہ ڈائریکٹر لینڈ شمس الحق صدیقی، ڈائریکٹر اسٹیٹ اینڈ انفورنسمنٹ ارشد عباس، ڈائریکٹر پارکس محمد جمیل، ایگزیکٹو انجینئر اسکیم 36 اورنگزیب، ایگزیکٹو انجینئر نارتھ کراچی سمیت دیگر افسران موجود تھے۔

kda

SPORTS GROUNDS

Tabool ads will show in this div