اسپیکر بلوچستان عبدالقدوس بزنجو اپنے عہدے سے مستعفی

بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے، انہوں نے اپنا استعفیٰ گورنر بلوچستان کو ارسال کیا۔
دوسری جانب کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سردار عبدالرحمان کھیتران نے کہا کہ عبدالقدوس بزنجو کو وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے، حکومت کی تشکیل کے لیے اتحادیوں سے مشاورت کریں گے۔
نواب ثناء اللہ زہری نے کہا کہ ہم نے ماضی میں ن لیگ کو بچایا او ڈاکٹر عبدالمالک کو وزیراعلیٰ بنایا۔ میں نے پارٹی کے فیصلے کی پابندی کی ہے اور ماضی میں جو ہوا وہ ماضی کی بات ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جام کمال خان نے وزارت اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دیا جن کا استعفیٰ گورنر ظہور آغا نے منظور کیا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف حکومتی ناراض اراکین نے تحریک عدم اعتماد بھی اسمبلی میں جمع کرائی تھی، جس پر 25 اکتوبر کو ووٹنگ ہونی تھی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا ٹویٹر پیغام میں کہنا تھا کہ بہت سی سوچی سمجھی سیاسی رکاوٹوں کے باوجود میں نے بلوچستان کی مجموعی حکمرانی اور ترقی کے لیے اپنے وقت اور توانائی کو ایک سمت میں رکھا، انشاء اللہ احترام کے ساتھ عہدہ چھوڑنا چاہوں گا اور خراب حکمرانی کی تشکیل کے ساتھ ساتھ ان کے مالیاتی ایجنڈے کا حصہ نہیں بنوں گا۔