گلشن معمار میں 3سال کے بچے کے سامنے والد کاقتل

سلمان دودھ لینے گیا تھا، موٹرسائیکل ملزمان نے فائرنگ کی
karachi-police فوٹو: آن لائن

کراچی کے علاقے گلشن معمار احسن آباد ميں دودھ خريدنے کیلئے جانیوالے شخص کو 3 سالہ بيٹے کے سامنے قتل کرديا گيا۔ پوليس نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیديا، لواحقین کہتے ہیں ان کی کسی سے دشمنی نہیں تھی۔ عینی شاہدين کے مطابق واقعہ لوٹ مار کے دوران پيش آيا۔

پولیس کے مطابق گلشن معمار احسن آباد میں سلمان نامی شخص کو اس وقت قتل کردیا گیا جب وہ معصوم بچے کو گود میں اٹھائے دکان سے دودھ خرید رہا تھا۔

واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں 2 موٹر سائیکل سوار ملزمان کو دیکھا جاسکتا ہے، ایک ملزم کا چہرہ واضح ہے جبکہ فائرنگ کرنیوالے ملزم نے ماسک پہنا ہوا ہے۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات میں واقعے کو ذاتی دشمنی قرار دیا تاہم مقتول سلمان کے والد کے مطابق ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں۔

عینی شاہدین اور دکاندار کے مطابق واقعہ لوٹ مار کے دوران پیش آیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقتول ڈيڑھ سال پہلے صوابی سے کراچی آيا تھا اور نجی کمپنی ميں کام کرتا تھا، سلمان 2 بچوں کا باپ اور 4 بہن بھائيوں ميں سب سے بڑا تھا۔

Tabool ads will show in this div