لاہور: ڈینگی سے مزید 3 افراد جاں بحق
گزشتہ 24 گھنٹوں میں 1100 سے زائد کیس رپورٹ

لاہور ميں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ڈينگی کا شکار مزيد 3 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 574 نئے کيسز رپورٹ ہوئے۔
شہر کے مختلف اسپتالوں ميں 1161مريض زير علاج ہیں جبکہ اب تک رپورٹ ہونے والے ڈینگی کیسز کی تعداد 6 ہزار 241 ہوچکی ہے۔
لاہور کے اقبال ٹاؤن اور جوہر ٹاؤن میں ڈینگی کیسز کی شرح سب سے زیادہ دیکھنے میں آئی ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ڈینگی اسپرے کرنے سے سانس کی بیماریاں ہوسکتی ہیں اس لیے جہاں لاروا ملے گا صرف وہیں اسپرے کیا جائے گا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق گزشتہ روز لاہور کے 1200 سے زائد مقامات پر ڈینگی لاروا تلف کیا گیا۔ لاہور کے ساتھ ساتھ راولپنڈی، گوجرانوالہ،سرگودھا اور ننکانہ صاحب بھی ڈینگی سے متاثر ہیں۔