امریکا نے پاکستان کیلئے ڈونلڈ بلوم کو سفیر نامزد کردیا

امریکی صدر جو بائیڈن نے سینیر سفارت کار ڈونلڈ بلوم کو پاکستان کیلئے نیا سفیر نامزد کردیا ہے۔ پاکستان میں اگست 2018 سے امریکا کا کوئی سفیر نہیں ہے۔
وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ڈونلڈ بلوم کی پاکستان میں بطور سفیر تعیناتی کے لیے سینیٹ کی منظوری کی ضرورت ہوگی۔
وائٹ ہاؤس
وائٹ ہاؤس کے مطابق جو بائیڈن بروز منگل 20 اکتوبر کو ڈونلڈ بلوم کی پاکستان میں نامزدگی کے منصوبے کا اعلان کریں گے۔ ڈونلڈ بلوم ایک کیریئر فارن سروس ڈپلومیٹ ہیں، جن کا خطے میں طویل تجربہ ہے۔ وہ کابل میں امریکی سفارت کار کے طور پر کام کر چکے ہیں، جہاں امریکی سفارت خانہ طالبان کے اقتدار میں واپسی کے بعد بند پڑا ہے۔
اس وقت تیونس میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دینے والے بلوم کی پاکستان کیلئے نامزدگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد افغانستان کی صورت حال کو سنبھالنے کے لیے کام کر رہا ہے۔

لیبیا کا پڑوسی ملک تیونس شمالی افریقہ میں امریکا کیلئے اہم سفارتی ملک ہے، جہاں بلوم 2019 سے بطور سفیر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اس سے قبل ڈیویڈ ہل اگست سال 2018 تک پاکستان میں بطور سفیر خدمات انجام دیتے رہے۔ ڈیویڈ ہل کے بعد پال وائن جونز نے ناظم الامور ( چارج ڈی افیئرز ) کی حیثیت سے خدمات سر انجام دیں۔ دو سال تک پاکستان میں فرائض انجام دینے کے بعد وہ اگست 2020 میں مشن مکمل کرکے واپس امریکا لوٹ گئے، جس کے بعد امریکی ناظم الامور اینجلا پی ایگلر نے عہدہ سنبھالا۔

ڈونلڈ بلوم کون ہیں؟
رپورٹس کے مطابق امریکی سفیر مقبوضہ بیت المقدس کے اسرائیلی قونصل خانے میں بھی قونصل جنرل رہے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ بغداد میں ملٹی نیشنل فورس انگیجمنٹ سیل کے سیاسی قونصلر تھے۔ ڈونلڈ بلوم نے مشی گن کی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی اور وہ روانی سے عربی بول سکتے ہیں، ان کی پاکستان تعیناتی کے لیے امریکی سینیٹ سے توثیق کا مرحلہ ابھی باقی ہے۔
اس وقت تیونس میں امریکی سفیر کے طور پر خدمات انجام دینے والے بلوم کی پاکستان کے لیے نامزدگی ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب واشنگٹن امریکی فوجیوں کے انخلا کے بعد افغانستان کی صورت حال کو سنبھالنے کے لیے کام کر رہا ہے۔
خطے میں تبدیلیاں
پاکستان طالبان کے زیر کنٹرول پڑوسی ملک کے ساتھ سفارت کاری میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، جس کے حوالے سے بین الاقوامی ایجنسیوں نے خبردار کیا ہے کہ افغانستان امداد کی بندش اور امریکا کی جانب سے منجمد کیے گئے غیر ملکی ذخائر کی وجہ سے انسانی بحران کے دہانے پر ہے۔ چین کے ساتھ پاکستان کے تعلقات بھی بائیڈن انتظامیہ کیلئے دلچسپی کے حامل ہیں، جو بیجنگ کو اپنا بین الاقوامی حریف سمجھتا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں طویل عرصے سے امریکا کا کوئی سفیر نہیں ہے۔ اس وقت انجیلا ایگلر بحیثیت ناظم الامور خدمات انجام دے رہی ہیں۔