ملک میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ، لاہور میں 3اموات

پنجاب میں متاثرہ افراد کی تعداد 4ہزار876 ہوگئی
[caption id="attachment_2391639" align="alignnone" width="800"]DENGUE ONCE AGAIN LHR PKG 26-09 فائل فوٹو[/caption]

ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ڈينگی کے کیسز میں اضافہ ہوا ہے جبکہ لاہور ميں تين افراد کی اموات ہوئیں۔

محکمہ صحت پنجاب کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق اس وقت لاہور میں ڈینگی کیسز کی تعداد تين ہزار666 جبکہ پنجاب بھر ميں چار ہزار876 ہوگئی ہے۔ صوبے کے ديگر 35 شہروں میں 24 گھنٹوں کے دوران 96 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہيں۔

لاہور کے اسپتالوں میں ڈینگی کے 626 مریض جبکہ چلڈرن اسپتال میں ڈینگی بخار ميں مبتلا 14 بچے زیر علاج ہيں۔ جنرل اسپتال، جناح اسپتال، گنگارام اسپتال اور سروسز اسپتال سميت لاہور کے سات بڑے اسپتالوں کے ڈینگی وارڈز مکمل بھر چکے ہيں۔

اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1403 ہوگئی۔ گزشتہ روز وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی بخار میں مبتلا 61 افراد کو اسپتال لایا گیا، دیہی علاقوں میں 42 جبکہ شہری علاقوں میں 19 کیسز رپورٹ ہوئے۔

اسلام آباد میں رواں سیزن کے دوران پانچ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ دیہی علاقوں کی صورتحال تشویشناک ہے جہاں اب تک 937 لوگ متاثر ہوچکے ہیں۔

راولپنڈی میں بھی 24گھنٹوں کے دوران 58 افراد ڈینگی وائرس کا شکار ہوئے۔ ہولی فیملی میں 20، بے نظیر استپال 21 اور ڈی ایچ کیو میں 17 مریض داخل ہوئے۔ شہر میں مجموعی مریضوں کی تعداد 863 ہوگئی۔

کراچی ميں 24 گھںٹوں ميں ڈينگی کے 18 مريض سامنے آئے جبکہ حيدرآباد 9 اور ميرپورخاص ميں 11 افراد ڈینگی وائرس میں مبتلا ہوئے۔ متاثر ہونے کل افراد کی تعداد 38 رہی۔

رواں ماہ سندھ ميں اب تک 492 کيس رپورٹ ہوچکے جبکہ ڈينگی کے باعث رواں سال سندھ ميں 6 اموات رپورٹ ہوئيں۔

خيبر پختونخوا ميں ایک ہی دن میں 198 نئے کیسز ریکارڈ ہوئے۔ صوبے ميں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد تين ہزار سے بڑھ گئی اور اب تک تين مريض جاں بحق ہوچکے ہيں۔

Tabool ads will show in this div