خاتون ٹک ٹاکر نے قتل کی دھمکیوں پرمقدمہ درج کرادیا

علی شاہ اور اسکے ساتھی ملوث ہیں، خاتون ٹک ٹاکر

مینار پاکستان پر بدسلوکی کا نشانہ بننے والی ٹک ٹاکر خاتون نے قتل کی دھمکیاں دینے پر راولپنڈی کے ٹک ٹاکر علی شاہ اور اس کے ساتھیوں کیخلاف مقدمہ درج کرادیا۔

گریٹر اقبال پارک واقعے کی متاثرہ خاتون نے لاہور کے تھانہ شاہدرہ ميں ٹک ٹاکر علی شاہ کيخلاف مقدمہ درج کرایا، مقدمہ 25/ڈی ٹیلی گراف ایکٹ کے تحت درج کیا گیا۔

مدعیہ  نے ايف آئی آر ميں مؤقف اختيار کيا ہے کہ مختلف نمبرز سے قتل کی دھمکياں مل رہی ہيں اور قوی يقين ہے کہ ٹک ٹاکر علی شاہ اور اس کے ساتھی دھمکياں دے رہے ہيں۔

خاتون نے اپنی تحریری درخواست میں کہا ہے کہ انٹرنیشنل کالز اور انٹرنیٹ کالز کے نمبرز سامنے نہیں آتے تاہم ان کی ریکارڈنگز موجود ہیں، ان دھمکیوں کے پیچھے روالپنڈی سے تعلق رکھنے والا ٹک ٹاکر علی شاہ اور اس کے ساتھی ہیں، جو گزشتہ کئی سالوں سے مجھے بلیک میل کررہے ہیں۔

خاتون ٹک ٹاکر نے پولیس سے اپیل کی ہے کہ نامزد افراد کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

واضح رہے کہ اس سے عائشہ اکرم نے اپنے ساتھی ٹک ٹاکر عامر عرف ریمبو پر بھی بھتہ لینے اور نازیبا ویڈیو بناکر بلیک میل کرنے کے الزامات لگاتے ہوئے پولیس کو درخواست دی تھی، جس پر اس کیخلاف بھی مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عائشہ اکرم کے الزامات، ٹک ٹاکر ساتھی ریمبو گرفتار

خاتون ٹک ٹاکر نے الزام لگایا تھا کہ یوم آزادی پر مینار پاکستان جانے کا منصوبہ بھی ریمبو نے بنایا تھا، میرے انکار کے باوجود وہ مجھے گریٹر اقبال پارک لے کر گیا جہاں اس نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ساتھ مل کر میرے ساتھ بدسلوکی کی اور کپڑے بھی پھاڑے۔

پولیس نے خاتون کی درخواست پر ریمبو سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا تاہم حوالات سے ریمبو کا ایک ویڈیو بیان منظر عام پر آیا جس میں اس نے خاتون پر جوابی الزامات لگاتے ہوئے کہا تھا کہ عائشہ زیر حراست افراد سے فی کس 5 لاکھ روپے لینے کیلئے دباؤ ڈال رہی تھی، انکار پر مجھے پکڑوانے کی بھی دھمکی دی تھی۔

واضح رہے کہ عائشہ اکرم اور ریمبو کی ایک آڈیو ریکارڈنگ بھی منظر عام پر آئی ہے جس میں دونوں کے مابین جیل میں شناخت ہونیوالے ملزمان سے رقم لینے کی گفتگو کی گئی۔

ریکارڈ میں ریمبو نے ملزمان سے متعلق پوچھا جس پر عائشہ نے بتایا کہ 6 مجرمان ہیں۔ ریمبو نے سوال کیا کہ فی مجرم کتنے پیسے لئے جائیں، زیادہ تر غریب ہیں، جس پر عائشہ کا کہنا تھا کہ انہوں نے مشکل سے 5، 5 لاکھ دینا ہے۔

پولیس نے گریٹر اقبال پارک میں یوم آزادی کے موقع پر پیش آنیوالے افسوسناک واقعے پر تقریباً 400 افراد کو حراست میں لیا تھا تاہم زیادہ تر افراد کو ضمانت پر رہا کردیا گیا، مدعیہ نے 6 افراد کو شناخت کیا تھا۔

TikToker

AYESHA AKRAM

MINAR-E-PAKISTAN HARASSMENT CASE

Tabool ads will show in this div