پاکستان کےمختلف شہروں میں ڈینگی کیسز میں اضافہ جاری
اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں ڈینگی کے کیسز میں مستقل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ متعلقہ حکام جن کی توجہ شہریوں کو کرونا سے بچانے کی طرف زیادہ مبذول ہے ڈینگی انفیکشن سے بچاؤ کے لیے موثر اقدامات کرنے سے قاصر ہیں۔
موسم کے کروٹ بدلتے ہی ڈینگی مچھر کی افزائش بھی بڑھنےلگی ہے۔ صاف پانی میں پیدا ہونےوالا یہ خطرناک مچھر لاہور میں اپنے قدم جما چکا ہے جہاں 188 نئے کیسز آنے کے بعد کل مریضوں کی تعداد 2 ہزار 586 تک پہنچ چکی ہے۔ لاہور میں سب سے زیادہ متاثرہ علاقہ ڈیفنس کا علاقہ ہے اور حکام نے شہر بھر میں ڈینگی بخار کے حوالے سے آئندہ تين ہفتے خطرناک قرار دے ديے ہیں۔ پنجاب میں ڈینگی سے اب تک چار اموات ہوچکی ہیں۔
کراچی سميت سندھ بھر میں بھی ڈینگی نے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے۔ صوبے ميں ڈینگی کے62 نئے کيسز رپورٹ ہوئے۔ اکتوبر کے ابتدائی 5 دنوں ميں کراچی ميں 118 کيسز سامنے آچکے ہيں۔ حيدرآباد اور ميرپورخاص بھی ڈینگی سے شديد متاثر ہورہے ہيں۔ سندھ بھر ميں رواں سال ڈینگی کے مریضوں میں سے 5 انتقال کرچکے ہیں۔
خيبرپختونخوا ميں مزید 268 افراد ڈینگی سے متاثر ہوئے جس کے بعد کل مریضوں کی تعداد 2 ہزار 152 ہوگئی ہے جبکہ اب تک 4 افراد موت کے منہ ميں جا چکے ہیں۔
جڑواں شہر راولپنڈی و اسلام آباد متاثر ہيں جہاں روزانہ 100 سے 150 نئے کيسز رپورٹ ہو رہے ہيں۔ اسلام آباد اور راولپنڈی ميں بھی ايک روز کے دوران 158 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ حکام نے اعتراف کيا ہے کہ کوویڈ ميں مصروفیت کی وجہ سے ڈینگی کی طرف توجہ نہيں دی جاسکی۔