عائشہ اکرم کے الزامات، ٹک ٹاکر ساتھی ریمبو گرفتار

پولیس نے دیگر 7 افراد کو بھی حراست میں لے لیا

مینار پاکستان پر بدسلوکی کا نشانہ بننے والی خاتون ٹکر ٹاکر عائشہ اکرم نے اپنے ساتھی ریمبو پر بلیک میلنگ اور نازیبا ویڈیوز بنانے کا الزام لگادیا، پولیس نے ریمبو سمیت 8 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ڈی آئی جی انویسٹی گیشن لاہور کو دیئے گئے اپنے تحریری بیان میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کا کہنا ہے کہ ریمبو نے نازیبا ویڈیوز بنا رکھی ہیں، جس کی بناء پر بلیک میل کیا جارہا ہے، ریمبو اب تک 10 لاکھ روپے وصول کرچکا ہے، وہ اپنی آدھی تنخواہ بھی ریمبو کو دیتی ہیں۔

خاتون نے الزام عائد کیا کہ یوم آزادی پر گریٹر اقبال پارک جانے کا منصوبہ بھی ریمبو نے بنایا تھا، وہ بادشاہ کے ساتھ مل کر اپنا ٹک ٹاک گینگ بھی چلاتا ہے۔

پولیس نے خاتون کے تحریری بیان پر ریمبو سمیت 8 افراد کو لاہور کے مختلف علاقوں سے گرفتار کرلیا جبکہ دیگر 4 ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

مزید جانیے: مینارپاکستان بدسلوکی واقعے میں خاتون ٹک ٹاکر نے 6ملزمان کوشناخت کرلیا

ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی) انویسٹی گیشن  شارق جمال کا کہنا ہے کہ مینار پاکستان پر بدسلوکی سے متاثرہ خاتون نے ریمبو سمیت 12 افراد کیخلاف تحریری بیان دیا جس میں گریٹر اقبال پارک واقعے کا ذمہ دار ریمبو کو قرار دیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ ملزمان کو لاہور کے مختلف علاقوں سے حراست میں لیا گیا، پولیس نے ریمبو کے ساتھی ملزم بادشاہ کی گرفتاری کیلئے راولپنڈی میں چھاپہ مارا تاہم وہ فرار ہوگیا۔

 ڈی آئی جی نے مزید کہا کہ عائشہ نے 400 افراد کیخلاف مقدمہ درج کرایا تھا جن میں سے 104 افراد کو گرفتار کیا گیا، شناخت پریڈ میں خاتون نے 6 افراد کو شناخت کیا جن میں ارسلان، عابد، شہریار، مہران اور ساجد شامل ہیں، دیگر زیر حراست افراد کو ضمانت پر رہا کیا جاچکا ہے۔

مینار پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے کا سپریم کورٹ نے 23 اگست کو از خود نوٹس لیا۔

TikToker

AYESHA AKRAM

Tabool ads will show in this div