کمشنر کراچی کا مختلف علاقوں کا دورہ

مسائل سے آگہی کیلئے تمام اضلاع کے دورے کا فیصلہ
Oct 07, 2021

کمشنر کراچی محمد اقبال میمن نے کراچی کے مسائل کا خود معائنہ کرنے کے لئے شہر کے تمام اضلاع کا دورہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بدھ کو انہوں نے مسائل سے آگاہی کیلئے ضلع جنوبی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ ڈپٹی کمشنر جنوبی ارشاد سوڈھر، بلڈنگز کنٹرول اتھارٹی اور ضلعی انتظامیہ و بلدیہ عظمیٰ کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

کمشنر کراچی نے ضلع جنوبی کا دورہ کرکے مخلف علاقوں میں شہری سہولتوں کا جائزہ لیا، انہوں نے خاص طور پر تجاوزات کے خاتمہ کیلئے سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کی صورتحال دیکھی۔ اس موقع پر ولیج گارڈن ریسٹورنٹ، وائی ایم سی اے، مسلم جیم خانہ، شاہین کمپلیکس، بارہ دری پارکنگ، جہانگیر فیروز شاہ کلچر انسٹی ٹیوٹ، باغ ابن قاسم، فیڈریشن ہاﺅس سے متصل پارک اور کے سی آر و دیگر مقامات کا دورہ کیا۔

کمشنر کراچی نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ محکموں اور کمیونٹی کا تعاون حاصل کریں اور شہری سہولتیں بہتر بنانے کے سلسلے میں مربوط کوششیں کریں۔

کمشنر کو تجاوزات کے خاتمہ کیلئے کئے جانے والے اقدامات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔ کمشنر کو بتایا گیا کہ وائی ایم سی سے سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق تجاوزات کا خاتمہ کرکے وائی ایم سی اے کی بحالی کا کام مکمل کرلیا گیا ہے۔

بتایا گیا کہ چاروں اطراف گرل اور لائٹس نصب، ہاکی گراﺅنڈ تیار، گرین بیلٹ کی تعمیر جاگنگ ٹریک پویلین اور پرانی عمارت کی مرمت کا کام کیا گیا ہے۔

کمشنر نے کہا کہ وائی ایم سی اے میں جلد از جلد کھیلوں کی سرگرمیاں شروع کی جائیں گی۔

کمشنر کراچی نے میٹروپول کے قریب قائم اسٹریٹ لائبریری کا بھی دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو مطالعہ کی جانب راغب کرنے کیلئے شہر میں قائم لائبریریوں کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے، اسٹریٹ لائبریری میں کتابوں میں اضافہ اور سہولتیں بہتر بنائی جائیں گی۔

محمد اقبال میمن نے کے سی آر کے مختلف روٹس کا معائنہ بھی کیا۔ تجاوزات کے خاتمہ اور دیگر اقدامات پر کمشنر کو بریفنگ بھی دی گئی۔

Tabool ads will show in this div