لاہور: کمسن بچے کاقتل، باپ، دادی سمیت 3افرادپر مقدمہ درج
لاہور علاقے ساندہ کلاں میں 30 ستمبر کو مبینہ تشدد سے جاں بحق ہوجانے والے 9 ماہ کے بچے کے باپ، دادی اور پھوپھا کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق بچے کی والدہ کنول شہزادی کی درخواست پر ان کے شوہر غلام مصطفیٰ، ساس ریحانہ اور رشتے کے نندوئی فیصل کیخلاف فی الحال تشدد اور حبس بیجا کی دفعات کے تحت مدمہ درج کیا گیا ہے، تاہم نامزد ملزمان تاحال مفرور ہیں۔
کنول شہزادی کا ایف آئی آر میں کہنا ہے کہ ملزم 30 ستمبر کو اس کی آنکھوں کے سامنے اس کے کمسن بچے محمد موسیٰ پر تشدد کرتا رہا اور وہ رو رو کر دہائیاں دیتی رہی لیکن شوہر باز نہ آیا۔ اس دوران کنول نے اپنے سسر کو کہتے سنا کہ بچہ تشدد سے انتقال کرگیا ہے جس پر وہ بیہوش ہوگئی اور اسے اسپتال لے جایا گیا، جہاں ہوش میں آنے کے بعد اسے پتہ چلا کہ بچے کی تدفین بھی کردی گئی ہے۔
بچے کی ماں کا کہنا ہے کہ گھر واپس آنے کے بعد جب اس نے پولیس میں رپورٹ کرانے کی دھمکی دی تو اسے بندوق کے زور پر ایک کمرے میں بند کردیا گیا تاہم 2 اکتوبر کو اس کے رشتہ دار وہاں پہنچ گئے اور اس کے سسر کی نشاندہی پر اسے بازیاب کرالیا۔
ایس پی اقبال ٹاؤن کے مطابق ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کو بچے کی قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کے حوالے سے درخواست دے دی گئی ہے۔