فومیو کیشیدا جاپان کے نئے وزیراعظم منتخب

جاپان کے سابق وزير خارجہ فومیو کیشیدا کو ملک کا نیا وزیراعظم منتخب کر لیا گیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ڈی ڈبیو کے مطابق حکمران لبرل ڈیموکریٹک پارٹی (ایل ڈی پی) نے گزشتہ ہفتے ہی فُومیو کیشیدا کو اپنا سربراہ چنا تھا۔
انہوں نے پیر کے روز پارلیمان میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد وزیر اعظم کا عہدہ سنبھال لیا۔ یہ صرف رسمی کارروائی تھی کیونکہ اسمبلی میں ایل ڈی پی کو اکثریت حاصل ہے۔
فومیو کیشیدا جاپان کے 100ویں وزیر اعظم ہیں۔ وہ پارٹی اور حکومتی سربراہ کے طور پر سابق وزیر اعظم یوشی ہیدے سوگا کے جانشین ہوں گے۔
یوشی ہیدے سوگا نے ستمبر کے شروع میں صرف دو سال ان عہدوں پر فائز رہنے کے بعد اپنے استعفے کا اعلان کیا تھا۔ نو منتخب وزیر اعظم نے 31اکتوبر کو نئے پارلیمانی انتخابات کرانا کا اشارہ ديا ہے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کی وبا سے نمٹنے میں مبینہ ناکام رہنے کے لیے سوگا پر سخت نکتہ چینی ہو رہی تھی جس کی وجہ سے ان کی مقبولیت کافی کم ہوگئی تھی۔