لتھوینیا:مریض کے پیٹ سے ایک کلوکیلیں اوراسکریو نکال لئے، ڈاکٹرز

شراب چھوڑنے کے بعد مریض نے دھاتی اشیاء کھاناشروع کیں

لتھوینیا میں ڈاکٹروں نے کامیاب آپریشن کے بعد ایک مریض کے پیٹ سے ایک کلو کیلیں اور اسکریو نکال لئے۔

غیر ملکی نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق لیتھوینیا کے ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہوں نے ایک آدمی کے پیٹ سے ایک کلو گرام سے زائد کیلیں اور اسکریو (پیچ) نکال لئے ہیں، مریض نے الکحل چھوڑنے کے بعد دھاتی اشیاء کو نگلنا شروع کیا تھا۔

ڈاکٹرز نے جمعہ کو مریض کا نام ظاہر نہ کرتے ہوئے بتایا کہ اسے بالٹک پورٹ سٹی کلیپیڈا کے اسپتال میں شدید پیٹ درد کے ساتھ داخل کرایا گیا تھا، ڈاکٹرز نے اس کا فوری ایکسرے کروایا، جس سے پتہ چلا کہ اس کے پیٹ کے تقریباً 10 سینٹی میٹر (چار انچ) حصے تک دھاتی اشیاء موجود ہیں۔

مریض کا آپریشن کرنے والے سرجن ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ تین گھنٹے کے آپریشن کے دوران مریض کے پیٹ سے تمام دھاتی اشیاء نکال دی گئیں۔

اسپتال کی جانب سے میڈیا کو ایک تصاویر فراہم کی گئی ہے جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سرجیکل ٹرے کیلوں اور اسکریو (پیچوں) سے بھری ہوئی ہے۔

اسپتال کے ہیڈ سرجن نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آج سے پہلے کبھی اس طرح کا واقعہ نہیں دیکھا۔

ڈاکٹرز کے مطابق مریض نے گزشتہ ماہ شراب چھوڑنے کے بعد دھاتی اشیاء نگلنا شروع کیں، آپریشن کے بعد مریض کی حالت بہتر ہورہی ہے۔

LITHUANIA

Tabool ads will show in this div