وزیراعظم طالبان کو این آراو دے رہےہیں، رانا ثناء
مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جن طالبان نے ہمارے لوگوں کو شہید کیا وزیر اعظم عمران خان انہیں این آر او دے رہے ہیں اور وہ اپوزیشن سے تو ہاتھ نہیں ملانا گوارا نہیں کرتے لیکن مولوی فقیر سے ہاتھ ملا سکتے ہیں۔
لاہور میں انسداد منشیات کی خصوصی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان اپوزیشن سے مذاکرات نہیں کرنا چاہتے لیکن طالبان سے مذاکرات کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ بات کرنے کو توہین سمجھتی ہے اور اس کے خلاف صرف مقدمات بنا رہی ہے۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ اس وقت صورتحال یہ ہے کہ ڈالر172 پر بھی نہیں رک رہا جبکہ ملک سے زیادہ قیمت پر گندم باہر سے درآمد کی جا رہی ہے۔ عوام کو چاہیے مہنگائی کے خلاف اپوزیشن کے ساتھ کھڑی ہو۔
لیگی رہنما نے کہا کہ ارشد ملک مرحوم سب بتا کر گیا ہے کہ کیسے اسے بلیک میل کیا گیا جبکہ ان لوگوں نے نیب چیئرمین کو بھی بلیک میل کیا اور اب اس چیئرمین سے اچھا کوئی بندہ ہی نہیں، اب یہ نیب چیئرمین کو چھوڑ ہی نہیں رہے۔ یہ ہے انصاف اور احتساب کا حال۔
رانا ثناء اللہ نے کہا کہ سلیکٹڈ ٹولے نے پہلے ملک کا اخلاقی کلچر تباہ کیا، بعد میں سیاسی کلچر تباہ کیا اور سیاستدانوں کا ایک دوسرے سے احترام کا تعلق بھی تباہ کیا۔ اخلاقی، سیاسی اور معاشی تباہی کے بعد قوم کی غیرت کو بھی تباہ کرنے پر تلا ہے۔
اس سے قبل لیگی رہنما رانا ثناءاللہ سمیت دیگر 5ملزمان عدالت پیش ہوئے تاہم اے این ایف کے پراسیکیوٹر کی عدم دستیابی کے باعث سماعت 16اکتوبر تک ملتوی کر دی گئی۔
عدالت نے وکلا کو شریک ملزم کی بریت کی درخواست پر بحث کے لیے بھی طلب کرلیا ہے۔