کیا تحریک انصاف میں کوئی نیا گروپ بننے جا رہاہے؟

سماء کے پروگرام سات سے آٹھ میں مختلف پہلوؤں کا جائزہ

ملک میں مہنگائی کے باعث حکمران جماعت کے اراکین اسمبلی بھی پریشانی کا شکار ہیں جس کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ بدھ کے روز ہونے والے تحریک انصاف پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 70 اراکین غیرحاضر پائے گئے۔

اس حوالے سے سماء کے پروگرام  سات سے آٹھ میں گفتگو کی گئی اور یہ جائزہ لینے کی کوشش کی گئی کہ کہیں ان دنوں تحریک انصاف میں کوئی اختلافات تو نہیں یا کوئی نیا گروپ تو نہیں بننے جا رہا۔ اجلاس سے اتنی بڑی تعداد میں اراکین کی غیر حاضری حکومت سے کوئی احتجاج تھا یا اس کی کوئی اور وجہ ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے رہنما تحریک انصاف عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ کل کے اجلاس میں ان سمیت کافی لوگ غیرحاضر تھے مگر اس کی وجہ اختلافات نہیں بلکہ اجلاس کو شارٹ نوٹس پر بلانا تھا۔

رکن قومی اسمبلی عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ وہ اپنے حلقے میں موجود تھے اور ان سمیت کافی لوگوں کے لیے اجلاس میں پہنچنا ممکن نہیں تھا۔

پارلیمانی پارٹی اجلاس میں تحریک انصاف کے رہنماؤں کے اختلافات سے متعلق عالمگیر خان کا کہنا تھا کہ اگر کسی پارٹی میں اختلاف رائے نہیں تو اس کا مطلب ہے کہ اس میں ڈکٹیٹرشپ ہے جبکہ اختلاف رائے ہونا یہ ثابت کرتا ہے کہ تحریک انصاف میں جمہوریت ہے۔

پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پنجاب حکومت فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی وجہ کرونا کے باعث بین الاقوامی سطح پر رونما ہونے والا اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ کرونا سے پہلے چین سے 400 ڈالر میں شپمنٹ ہوتی تھی مگر آج اس کی لاگت 10 ہزار ڈالر تک پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال ستمبر میں بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمت 42 ڈالر فی بیرل تھی جو کہ آج 74 ڈالر تک پہنچ چکی ہے اور یہ اضافہ تقریباً 80 فیصد بنتا ہے۔

رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر 80 فیصد مہنگائی کے باوجود حکومت نے عوام پر صرف 18 فیصد بوجھ ڈالا ہے اور اس وقت خطے میں مہنگائی کی سطح پاکستان میں سب سے کم ہے۔

فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف اگر اقتدار میں ہے تو وہ وزیراعظم عمران خان کی جدوجہد کی وجہ سے ہے اگر پارٹی کا کوئی رکن کسی اور غلط فہمی میں مبتلا ہے تو پھر ایسے شخص کو عقل کا اندھا ہی کہا جاسکتا ہے۔

TEHREEK INSAF

pti govt

Tabool ads will show in this div