سینیٹ: دہشتگردی سے متعلق غلط اعداد و شمار پر اپوزیشن کی ہنگامہ آرائی، واک آؤٹ
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : سینیٹ میں وفاقہ وزیر داخلہ کی طرف سے دہشتگردی کے واقعات کے غلط اعداد و شمار بتانے پر اپوزیشن بھڑک گئی، چوہدری نثار کا رضا ربانی کو شٹ اَپ کہنا جلتی پر تیل کا کام کرگیا اور حزب اختلاف سینیٹ اجلاس سے واک آؤٹ کر گئی۔
عوامی نیشنل پارٹی کے سینیٹر زاہد خان کے سوال پر وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بتایا کہ جون 2013ء سے اب تک ملک میں خود کش اور دہشت گردی کے 413 واقعات میں 191 افراد جاں بحق اور 927 زخمی ہوئے۔
سینیٹر طلحہ محمود کے اسی نوعیت کے سوال پر وزیر داخلہ نے بتایا کہ 636 واقعات میں 281 افراد جاں بحق اور 498 زخمی ہوئے۔
اپوزیشن نے ایک سوال کے 2 الگ الگ جواب دینے پر تشویش کا اظہار کیا، سینیٹر زاہد خان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ نے غلط اعداد و شمار پیش کئے ہیں۔ اپوزیشن اراکین اور وزیر داخلہ کے درمیان سخت جملوں کا تبادلہ ہوا۔
چوہدری نثار کی جانب سے میاں رضا ربانی کو شٹ اپ کہنے پر اپوزیشن ارکان بپھر گئے اور ایوان سے واک آؤٹ کر گئے جس پر چیئرمین سینیٹ نے اجلاس 15 منٹ کیلئے معطل کر دیا۔
قائد ایوان راجا ظفر الحق اپوزیشن اور چوہدری نثار کو منانے میں ناکام رہے، اپوزیشن کا مطالبہ تھا کہ چوہدری نثار اپنے رویے پر معافی مانگیں اور غلط اعداد و شمار پیش کرنے پر اپنا جواب واپس لیں، وزیر داخلہ بھی اپنے مؤقف پر ڈٹے رہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن ارکان ان پر دباؤ ڈال رہے ہیں، جواب کے نام پر ان کی تضحیک کی گئی، اپوزیشن کا رویہ درست نہ ہوا تو وہ ایوان میں نہیں آئیں گے۔
قائد ایوان کی یقین دہانی پر اپوزیشن اراکین واپس ایوان میں آگئے اور اجلاس ایک گھنٹے بعد دوبارہ شروع ہوا، قائد ایوان راجا ظفر الحق نے غلط اعداد و شمار پیش کرنے والا جواب واپس لیا تاہم اپوزیشن نے اسے منظور نہیں کیا اور اجلاس سے واک آؤٹ کر گئے، جس کے بعد چیئرمین سینیٹ نے اجلاس جمعرات کی صبح ساڑھے 10 بجے تک ملتوی کردیا۔ سماء