ملک میں ڈینگی کیسز کی تعداد میں مستقل اضافہ

پشاور، راولپنڈڈی، لاہور میں صورتحال ابتر

پاکستان کے مختلف شہروں میں ڈینگی کیسز میں مستقل اضافہ ہو رہا ہے جبکہ لاہور، راولپنڈی اور پشاور میں صورتحال ابتری کی جانب گامزن ہے۔

خیبرپختونخوا میں ڈینگی کے ایک ہزار 173 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں اور صوبائی محکمہ صحت کے مطابق سب سے زیادہ متاثر  ضلع پشاور ہے جہاں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 253 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ محمود خان کی زیرصدارت ڈینگی سے متعلق اجلاس میں شرکاء کو بتایا گیا کہ صوبہ بھر میں اب تک ڈینگی سے ایک ہزار 173 افراد متاثر ہوئے جن میں سے ایک ہزار 68 صحت یاب ہوچکے ہیں جبکہ 105مریض مختلف اسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ صوبے میں ڈینگی کی روک تھام کے لیے جامع ایکشن پلان منظور کر لیا گیا ہے جبکہ پشاور میں ڈینگی کے حوالے سے 10 ہاٹ سپاٹس کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ صوبے میں ڈینگی سے اب تک کوئی موت رپورٹ نہیں ہوئی۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ڈینگی کے موثر تدارک کے لیے تمام متعلقہ محکموں اور اداروں کے درمیان بہتر کوآرڈینیشن کو یقینی بنایا جائے۔

حکام کے مطابق تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اور تحصیل ہیڈ کوارٹر اسپتالوں میں کم سے کم 10 بستروں پر مشتمل ڈینگی یونٹس قائم کیے گئے ہیں جبکہ تمام اضلاع میں ڈینگی فوکل پرسنز کی تعیناتی بھی ہوچکی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ ہاٹ سپاٹس میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے کے لیے کیمیکل اسپرے بھی کیا جارہا ہے۔

راولپنڈی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 34 افراد ميں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد شہر میں ڈينگی مریضوں کی مجموعی تعداد 219 تک پہنچ گئی۔

فیملی اسپتال میں 14 جبکہ بینظیر بھٹو استپال میں 16  مریض لائے گئے۔ ڈینگی سے متاثرہ 4 مریضوں کو ڈی ایچ کیو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔

لاہور میں بھی ڈینگی کی صورتحال ابتر ہوتی جارہی ہے جس کا اعتراف کرتے ہوئے  صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ ان کے لیے ایک مصیبت بن چکا ہے۔

ڈاکٹریاسمین راشد کا کہنا تھا کہ لاہور ڈینگی کا گڑھ بن رہا ہے اور زیادہ کیسز ڈیفنس اور کینٹ میں سامنے آرہے ہیں جبکہ اقبال ٹاون اورجوہر ٹاون میں بھی خطرات کا سامنا ہے۔

انہوں ڈینگی کے حوالے سے کہا کہ 2 ماہ سب سے پھیلاؤ کے مہینے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ لاہور میں ہرروز 10 ہزار سے زائد گھرچیک کیےجارہےہیں تاکہ ڈینگی کی روک تھام کی جاسکے۔

anti Dengue Campaign

dengue fever

Dengue Cases

Tabool ads will show in this div