حضرت داتاگنج بخش کےعرس کی تقریبات جاری

عقیدت مندوں کی بڑی تعداد عرس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ چکی ہے
Data Darbar

حضرت داتا گنج بخش کے 3 روزہ عرس کی تقریبات جاری ہیں۔ دوردراز سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد عرس میں شرکت کے لیے لاہور پہنچ چکی ہے۔

لاہور میں داتا دربارکے احاطےاور اطراف میں دودھ کی سبیلوں اور لنگرکے وسیع انتظامات کیے گئے ہیں۔اتوار کو حضرت داتا گنج بخش  کے978 ویں عرس کی تقریبات کا آغاز رسم چادر پوشی سے ہوا۔ تین روزہ  میں شرکت کے لیے ملک بھر سے عقیدت مندوں کی بڑی تعداد دربار پر حاضری کیلیے پہنچ گئی ہے۔

تین روز تک مختلف نشستوں میں سیمینار،سماع ، قرآت اور نعت خوانی کی محافل کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جبکہ عرس کی تقریبات کا اختتام  منگل کی رات اجتماعی دعا سے کیا جائے گا۔

کرونا وبا کے پیش نظر زائرین کو ایس اوپیز پر عمل کرنے کی خصوصی تلقین کی گئی ہے۔لاہور میں عرس کے موقع پر منگل 28 ستمبر کو عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہدی کے مطابق حضرت داتا گنج بخش ؒ کے عرس کی تقریبات کے دوران متصل سڑکوں پر 3 ڈی ایس پیز، 52 انسپکٹرز، 654 وارڈنز ٹریفک کی روانی کے لیے تعینات کیئے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور منتظر مہدی نے مزید بتایا کہ چوبرجی سے آنے والوں کو ساندہ روڈ سے بھیجا جارہا ہے اوراندرونِ شہر سرکلر روڈ پر آنے والے ٹریفک کو متبادل راستوں کی جانب موڑ دیا گیا ہے۔

DATA GUNJ BAKSH

Tabool ads will show in this div