محسن شیخانی پانچویں مرتبہ آباد کےچیئرمین منتخب

ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے سالانہ انتخابات 2021-22 کےلیے چیئرمین کی نشست پر محسن شیخانی پانچویں مرتبہ منتخب ہوگئے جبکہ سینئر وائس چیئرمین کی نشست پر محمد حنیف میمن اوروائس چیئرمین کی نشست پر الطاف کانٹا والا منتخب ہوئے۔
صفیان آڈھیا کو سدرن ریجن انجینئر اکبر شیخ کو ناردرن ریجن کا چیئرمین جبکہ قمر زمان میمن کو سب ریجن حیدرآباد کا وائس چیئرمین منتخب کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آباد ہاؤس میں منعقد ہونے والے آباد کی جنرل باڈی کا اجلاس ہوا، جس میں سال 2021-22 کےلیےتمام اراکین نے متفقہ طور پر آباد کےنئے عہدیداران کا انتخاب کیا۔ اس موقع پر نومنتخب چیئرمین محسن شیخانی نے تمام ممبران سے تشکر کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ پاکستان کے تمام بلڈرز اور ڈیولپرز اور آباد کے ممبران کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے بلا تفریق ممبران کی فلا ح و بہبود کے لیے اور تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے، آباد کی طاقت ممبران کے باہمی اتحاد پر منحصر ہے۔
انھوں نے امید ظاہر کی کہ آباد الیکشن میں ممبران نے جس اتحاد کا مظاہرہ کیا ہے وہ ہمیشہ برقرار رہے گا۔ انھوں نے آباد کے ممبران کی فلاح و بہبود اور تعمیراتی شعبے کی ترقی اور ملکی معیشت کے فروغ میں شاندار خدمات پرآباد کے سبکدوش ہونے والے چیئرمین فیاض الیاس اور ان کی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ مستقبل میں بھی تعمیراتی صنعت کے فروغ کے لیےاپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔
سبکدوش ہونے والےچیئرمین فیاض الیاس نے خطاب کرتے ہوئے تمام نومنتخب عہدیدران کو مبارکباد دیتے ہوئےکہا کہ محسن شیخانی کی آباد کےلیے گراں قدرخدمات ہیں، انھوں نے ہمیشہ آباد کے عہدیداران کی سرپرستی کی اور مشکل سے مشکل مسئلے کو بھی حل کیا۔ امید ہے محسن شیخانی آباد ممبران کی فلاح و بہبود، ممبران کے مسائل حل کرنے، تعمیراتی صنعت کے فروغ اور ملکی معیشت کے استحکام اور وطن عزیر کی خوشحالی کےلیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔
فیاض الیاس نے بتایا کہ ان کے دور میں تعمیراتی شعبے کو بےشمار مسائل کا سامنا تھا لیکن اللہ تعالیٰ کی مدد سے ہم ان مسائل کو کافی حد تک حل کرنےمیں کامیاب رہے۔ فیاض الیاس نے اپنے دور میں آباد کو ملنے والی کامیابیوں پر تمام سبکدوش ہونے والے عہدیداران اور ممبران کو خراج تحسین پیش کیا۔ سبکدوش ہونے والے سینئر وائس چیئرمین محمد ایوب،وائس چیئرمین عارف شیخانی اور سدرن ریجن کے چیئرمین دانش بن رؤف نے بھی تمام نو منتخب عہدیداراران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آباد ممبران کی فلاح و بہبود اور تعمیراتی صنعت کے فروغ اور ملکی معیشت کی ترقی کے لیے تمام نو منتخب عہدیداران کی مکمل سپورٹ کریں گے۔
قبل ازیں سینٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی کے انتخابات ہوئے جس میں الائیڈ پینل کے محسن شیخانی، محمد الطاف تائی، ایم انور داؤد او کے، محمد عقیل، عدنان میمن، محمد حنیف میمن،محمد ندیم جیوا(ایسوسی ایٹ)،عامر امین تھارا، عبدالکریم آڈھیا، افضل چماڈیا،احمد اویس، علی جمال، آصف یونس سم سم، ایم عارف یوسف جیوا، محمد حسن بخشی، محمد صادق بلوچ اور محمد الطاف کانٹے والا بلا مقابلہ ممبران منتخب ہوگئے۔ جبکہ ریجنل ایگزیٹو ریجن کے لیےالائیڈ پینل کے ہی فہد شیخانی، محمد علی توفیق، ملک ارشاد علی، محمد اشفاق، عثمان خانانیا، صفیان آڈھیا، رمیز قاسم غزیانی، محمد ناصر لاکھانی، عمر بن اسلام، طارق عزیز، محمد پٹیل اور سید خورشید عالم بلا مقابلہ منتخب ہوگئے۔
ریجنل ایگزیکٹو کمیٹی ناردرن ریجن میں بھی الائیڈ پینل کے انجینئر ایم اکبر شیخ، سلطان گوہر، ذیشان علی خان،حضر ایوب اظہار، میاں محمد نعمان،محمد پرویز چوہدری، عمر الٰہی شیخانی اور تعظیم احمد بلا مقابلہ ممبرز منتخب ہوئے جبکہ سب ریجن کمیٹی کےلیے الائیڈ پینل کے ارباب محمد دین، قمر زمان اور ظاہر علی بلا مقابلہ بطور ممبران منتخب کیے گئے ہیں۔