لاہور کے ڈیڑھ سو سال قدیم سحرانگیز برگد کے درخت
لاہور ہائی کورٹ کے احاطے میں موجود ڈیڑھ سو سال قدیم برگد کے درختوں میں ایک خاص سحر ہے۔
گھنی چھاؤں والے پرانے درخت سائلین کےلیے سایہ ہونے کے علاوہ وکلا کےلیے میٹنگ پوائنٹ بھی ہیں۔
مضبوط تنے، لمبی شاخیں اور ٹھنڈی چھاؤں لیے یہ 7 درخت تقریباً اتنے ہی پرانے ہیں جتنی کہ عدالت کی یہ عمارت۔
چاروں طرف جھالر کی طرح پھیلی شاخیں دیکھنے والوں کو اپنی جانب متوجہ کرتی ہیں۔ گزرتے وقت کے ساتھ بوڑھے ہوتے یہ درخت لوگوں کےلیے اب بھی ایک نعمت ہیں۔
وکلا کہتے ہیں کہ یہ درخت کئی تاریخی واقعات کے شاہد ہیں۔ سائلین بھی اپنے کیسز کا انتظار انہی کی چھاؤں میں کرتے ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ برگد کا پھل اور اس کا دودھ مختلف ادویات میں بھی استعمال ہوتا ہے۔
ہائیکورٹ میں یہ چھتری نما درخت سائلین اور وکلا کو سایہ تو فراہم کرتے ہی ہیں لیکن اس کے علاوہ یہ بہت سارے پرندوں کا آشیانہ بھی ہیں۔