ایون فیلڈکیس،نوازشریف سے8ملین پاؤنڈکی برآمدگی کیلئےکارروائی کاآغاز

نیب لاہور نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کیس میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف سے 8 ملین پاؤنڈ کی برآمدگی کیلئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے۔
نیب لاہور نے عدالتی فیصلہ پرعمل درآمد کروانے کیلئے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو نواز شریف کی جائیدادیں فی الفور فروخت کرنے کیلئے مراسلہ جات ارسال کردیئے ہیں۔
نواز شریف پرعائد جرمانہ کی رقم کی موجودہ ویلیو 1 ارب 85 کروڑ روپے کے برابر شمار کی جارہی ہے۔ ڈپٹی کمشنرز کو میاں نواز شریف کی قابل فروخت جائیدادوں کی تمام تفصیلات سے بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔
ایون فیلڈ اور العزیزیہ میں نوازشریف کی دونوں اپیلیں خارج
نواز شریف کے نام موجود جائیدادوں کی تفصیلات بھی بتادی گئی ہیں۔ 940 کنال زرعی اراضی واقع موضع مانک، 299 کنال زرعی اراضی واقع موضع بدھوکی ثاہنی،103 کنال زرعی اراضی واقع موضع مل،312 کنال موضع سلطان شامل ہیں۔
دیگر جائیدادوں میں 14 کنال زرعی اراضی واقع موضع منڈیالی، شیخوپورہ اور اپر مال لاہورمیں واقع قیمتی رہائشی بنگلہ نمبر135 بھی برائےفروخت پراپرٹی میں شامل ہے۔
العزیزیہ اورایون فیلڈ ریفرنس،نوازشریف کواشتہاری قراردینےکافیصلہ
نیب لاہور نے بتایا ہے کہ فروخت شدہ جائیدادوں سے حاصل ہونے والی تمام رقم ملکی تعمیروترقی میں استعمال ہوگی۔ جرمانہ کی مکمل رقم موجودہ جائیدادوں کی فروخت سے ریکور نہ ہونےکی صورت میں ملزم کے مزید اثاثہ جات بھی تلاش کئے جائینگے۔
نیب لاہور کےبنائے ہوئےایون فیلڈ اپارٹمنٹ کیس میں احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی 2018 کو میاں نواز شریف کو 7سال قید اور 8 ملین پائونڈ جرمانہ کی سزا سنائی گئی تھی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے میاں نواز شریف کی دائر کردہ اپیل کورواں سال جون میں رد کردیا گیا جبکہ سپریم کورٹ میں نہ جانے کی وجہ سے یہ سزا حتمی ہوگئی ہے۔
ایون فیلڈ ریفرنس کیس،سزا معطلی کا تفصیلی فیصلہ جاری
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی سابق وزیراعظم سے کرپشن کیس میں سزا پر جرمانے کی وصولی پرعمل درآمد کروایا جا رہا ہے۔
ایون فیلڈ اپارٹمنٹ کیس میں میاں نواز شریف کو 10 سال قید اور 8 ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی گئی۔ شریک ملزمان مریم نواز کو 7 سال قید اور 2 ملین پاؤنڈ جرمانے کی سزا سنائی گئی۔کیپٹن (ر) صفدر کو1 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔