پنجاب کے5 اضلاع میں لاک ڈاؤن میں تبدیلیوں کا فیصلہ

پنجاب کے 5 اضلاع میں لاک ڈاؤن میں تبدیلیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پنجاب کے محکمہ پرائمری ہیلتھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ان فیصلوں کا اطلاق لاہور، فیصل آباد، ملتان،سرگودھا اور گجرات پر ہوگا۔
نئے نوٹیفیکیشن کے مطابق جمعہ اور ہفتے کو 5 اضلاع میں تمام مارکیٹس اور کاروبار بند رہیں گے۔ روزانہ کاروباری مراکز رات 8 بجے تک بند ہوں گے اورانڈور ڈائننگ پرمکمل پابندی ہوگی۔آؤٹ ڈور ڈائننگ کی رات 12 بجے تک اجازت ہوگی۔ اس کے علاوہ انڈور شادیوں پر پابندی، آؤٹ ڈور شادیوں میں صرف 400 افراد شرکت کرسکیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ مزارات بند رہیں گے جبکہ نجی و سرکاری دفاتر میں 50 فیصد افراد کی گنجائش کے ساتھ کام کی اجازت ہوگی۔اس کےعلاوہ تعلیمی ادارے ہفتے میں 6 دن 50 فیصد طلباء کے ساتھ کھل سکیں گے۔
نوٹیفیکیشن کے مطابق سینما ہالز بند رہیں گے۔ کانٹیکٹ اسپورٹس پر مکمل پابندی ہوگی اور صرف ویکسی نیٹڈ افراد کے لیے انڈور جمز کی اجازت ہوگی۔
صوبے کے 5 اضلاع میں پبلک ٹرانسپورٹ 50 فیصد گنجائش کے ساتھ چل سکے گی اور تفریحی مقامات 50 فیصد گنجائش کے ساتھ کھل سکیں گے۔