بلوچستان کے 5اضلاع کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن کادرجہ دیا جائیگا

تاریخی اقدامات سے عوام کو ریلیف ملے گا، وزیراعلیٰ بلوچستان
فوٹو: آن لائن
فوٹو: آن لائن
QTA city فوٹو: آن لائن

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ گوادر، تربت، حب، خضدار اور چمن کو میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا درجہ دیا جائے گا۔

گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان کی زیر صدارت بلدیاتی انتخابات سے متعلق اعلیٰ سطحی اجلاس وزیر اعلیٰ سیکریٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کو سیکریٹری بلدیات کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور اس حوالے سے درپیش مسائل جبکہ مجوزہ نئی میونسپل کمیٹیوں، میونسپل اور میٹرو پولیٹن کارپوریشنز کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

اجلاس کو بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن میں ہونے والی سماعت سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی جبکہ سماعت میں بلوچستان حکومت کا مدلل موقف پیشِ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اس موقع پر وزیر اعلی بلوچستان جام کمال خان نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہروں کی آبادی تیزی سے بڑھ رہی ہے، صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 72 نئی میونسپل کمیٹیز بننے جارہی ہیں اور 24 نئی میونسپل کارپوریشنز بنیں گی۔

انہوں نے کہا کہ ان تاریخی اقدامات سے عوام کو نچلی سطح پر ریلیف ملے گا۔

اجلاس میں بلدیاتی انتخاب سمیت بلدیاتی حلقوں کی حد بندیوں سے متعلق مختلف قانونی امور پر ارکان کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا گیا کہ بلوچستان لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 کے سیکشن 13 تحت صوبائی حکومت خود حلقہ بندیاں کرا سکتی ہے جبکہ صوبائی کابینہ نے پہلے ہی فیصلہ کرلیا ہے کہ حلقہ بندیوں کا مینڈیٹ صوبائی حکومت کا ہے اور اس فیصلے سے متعلق پہلے ہی الیکشن کمیشن کو آگاہ کر دیا ہے۔

بریفنگ میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن قابل اطلاق صوبائی قوانین کے مطابق بلدیاتی انتخابات کا انعقاد کرائے گا۔لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2010 میں اصلاحات لانے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔آل پارٹیز کانفرنس کی سفارشات آئندہ صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔

TURBAT

CHAMAN

KHUZDAR

JAM KAMAL

Tabool ads will show in this div