سی ٹی ڈی کی کارروائی، 3 مشتبہ افراد گرفتار
لاہور میں سی ڈی ٹی نے کارروائی کے دوران 3 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان محکمہ انسداد دہشت گردی پنجاب کے مطابق لاہور کے علاقے ٹاؤن شپ میں انٹیلی جنس بنیادوں (آئی بی او) پر کیے گئے آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے 3 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے دھماکا خیز مواد برآمد کرلیا گیا ہے۔
ترجمان سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی کو خفیہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ ٹاؤن شپ کے علاقے آئیڈیل پارک میں کالعدم تنظیم داعش کے ارکان موجود ہیں۔ آپریشن میں گرفتار دہشت گردوں کو محمد جنید ضیاء، محمد وقاص اور محمد جواد کے ناموں سے شناخت کیا گیا ہے۔
دہشت گرد لاہور میں قانون نافذ کرنے والے اداروں اور اہم سرکاری عمارتوں پر حملہ کرنے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ دہشت گردوں کے قبضے سے دیسی ساختہ بم ڈیوائس، ڈیٹونیٹر، دھماکا خیز مواد، پسٹل، لیپ ٹاپ مواد بھی برآمد ہوئے ہیں۔
گرفتار تینوں مشتبہ افراد کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی لاہور میں مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔