نورمقدم قتل کیس:تمام ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14روزکی توسیع

اسلام آباد کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے نور مقدم قتل کیس میں تمام ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کر دی۔
عدالت نے مرکزی ملزم ظاہر جعفر سمیت تمام ملزمان کو 23 ستمبر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیا۔
ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی نے نور مقدم کیس کی سماعت کی۔ مرکزی ملزم ظاہر جعفر، والدین اور تین دیگر ملزمان عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔
عدالت نے آئندہ سماعت میں تھراپی ورکس کے چھ ملزمان کو عدالت کے سامنے پیش ہونے کا حکم بھی دیا۔
ملزمان کے وکیل راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ چھ دیگر تھراپی ورکس کے ملزمان ضمانت پر ہیں عدالت انہیں نوٹس دے کر طلب کرلے۔ ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی نے کہا کہ جو ملزمان رہ گئے ہیں ان کو آئندہ سماعت پر حاضری کے لیے بلا رہے ہیں، جب تمام ملزمان کی حاضری لگ جائے گی تو چالان کی نقول اس کے بعد تقسیم کریں گے۔
وکیل راجہ رضوان عباسی نے کہا کہ ان کیمرہ سماعت کی درخواست دیں گے، جس پر عدالت نے کہا کہ جب درخواست آئے گی تو قانون کے مطابق دیکھ لیں گے۔
عدالت نے کیس کی مزید سماعت 23 ستمبر تک ملتوی کر دی۔
اس سے قبل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ نے کیس ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی کے پاس منتقل کیا۔ مرکزی ملزم ظاہر جعفر سمیت تمام ملزمان کا ٹرائل ایڈیشنل سیشن جج عطاء ربانی کریں گے۔