طالبان نےوعدہ خلافی کی،ملک بھرمیں بغاوت برپاکرینگے،احمدمسعود

پنچ شیرکےاسٹریٹجک حصے میں موجود ہوں،سربراہ مزاحمتی تحریک

پنج شیر مزاحمتی ملیشیا کے سربراہ احمد مسعود نے طالبان پر وعدہ خلافی کا الزام عائد کرتے ہوئے پورے افغانستان میں عام بغاوت کا اعلان کردیا۔ مزاحمتی ملیشیا کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر جاری آڈیو بیان میں احمد مسعود کا کہنا تھا کہ پنج شیر میں مزاحمتی اتحاد نے مقامی علما کے کہنے پر جنگ روک دی تھی لیکن طالبان جنگجوؤں نے وعدے کی خلاف ورزی کرکے جنگ جاری رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں طالبان اور ان کے حمایتوں کے خلاف جنگ جاری رہے گی۔ احمد مسعود کا کہنا تھا اب وقت آگیا ہے کہ ہم برائی کے خلاف اٹھیں اور اپنا فرض ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ اتوار کو طالبان کے ساتھ لڑائی میں ان کے خاندان کے کچھ افراد بھی مارے گئے ہیں۔ مزاحمتی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھاکہ مزاحتمی فوج تا حال پنجشیر کے اسٹریٹجک حصے میں موجود ہے۔ اپنے بیان میں احمد مسعود نے بین الاقوامی برادری کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ یہ فیصلہ تاریخ کرے گی کہ کون سے ممالک افغانوں کے حقیقی دوست ہیں۔ اتوار کو پنج شیر کی لڑائی میں طالبان مخالف ملیشیا کے ترجمان فہیم دشتی بھی مارے گئے تھے۔ اس حوالے سے احمد مسعود کا کہنا تھا کہ قومی مزاحمتی محاذ جلد ہی اپنے نئے ترجمان کا اعلان کرے گا اور جدوجہد جاری رہے گی۔ واضح رہے کہ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے پیر کو کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے افغانستان میں مزاحمت کے آخری گڑھ پنج شیر بھی فتح کرنے کا اعلان کیا تھا۔

AFGHAN TALIBAN

Ahmad Massoud

Panjshir

Tabool ads will show in this div