نورمقدم کیس قتل: ظاہرجعفر پاگل نہیں، شرابی ہے، طاہرظہور کاانکشاف

تھیراپی ورکس کے مالک کے پولیس اورملزم کے والد پرالزامات
Noor Muqadam فوٹو: ٹوئٹر

نور مقدم قتل کیس میں تھیراپی ورکس کے مالک طاہر ظہور نے انکشاف کیا ہے کہ قاتل ظاہر جعفر پاگل نہیں، شرابی ہے۔ انہوں نے پولیس اور ملزم کے والدین پر الزامات کی بوچھاڑ کردی، کہا قتل کے بعد ملزم نے پاگل بننے کا ڈرامہ کیا۔ زخمی ملازم امجد کا کہنا ہے کہ ظاہر نے اُنہیں بھی قتل کرنے کی کوشش کی لیکن پستول سے فائر نہیں ہوا۔

نور مقدم قتل کیس میں تھیراپی ورکس کے مالک کے نئے اور سنسنی خیز انکشافات کردیئے۔ اسلام آباد میں طاہر ظہور نے ملازم امجد کے ہمراہ پریس کانفرنس کی کرتے ہوئے واقعے کے بعد موقع پر پہنچ کر وہاں آنکھوں دیکھا حال بیان کیا۔

انہوں نے کہا کہ قتل کے بعد پولیس کو دیکھتے ہی ظاہر جعفر نے ڈرامہ شروع کردیا تھا، اس سے قبل وہ بالکل نارمل تھا، ظاہر کے والدین کو 8 سال سے جانتا ہوں، ملزم پاگل نہیں، شراب نوشی کا عادی ہے۔

طاہر ظہور کا کہنا ہے کہ ہماری دلچسپی تھی کہ لڑکے کو محفوظ طریقے سے نکالیں، ہمارے سامنے کوئی کرائم سین تو آیا ہی نہیں تھا، نوکر اور سی سی ٹی وی اس کے گواہ ہیں۔

ڈاکٹر طاہر ظہور نے بتایا کہ میں نے ذاکر جعفر سے پوچھا کہ ظاہر جعفر کے پاس اسلحہ تو نہیں؟، مجھے ذاکر جعفر نے بتایا کہ اسلحہ نہیں ہے لیکن ظاہرجعفر غصے میں ہے۔

ظاہر جعفر نے تھیراپی سینٹر کے ملازم کو بھی مارنے کی کوشش کی۔ زخمی ملازم امجد نے بتایا کہ اس نے پستول سیدھا کیا تو ہم پیچھے بھاگے، پھر اس نے فائر کیا لیکن فائر نہیں ہوا، چھری سے اس نے میرے گلے پر وار کیا، میرا گلا کاٹنے کی کوشش کی۔

ضمانت پر رہا تھیراپی سینٹر کے مالک نے پولیس کی کارروائی کو یکطرفہ قرار دیتے ہوئے شفاف تحقیقات کا مطالبہ بھی کردیا۔

تھیراپی ورکس کے ایک اور رکن ڈاکٹر وامق ریاض نے بتایا کہ ہم جب گھر پر گئے تو دروازہ بند تھا، ذاکر جعفر نے ہمیں کہا کہ دروازہ توڑ کر کمرے کے اندر چلے جائیں، ہم سیڑھی لگا کر کمرے کے اندر گئے تو دیکھا کہ گھر کے اندر نور مقدم کی لاش پڑی ہے، جس پر انہیں بتایا کہ اندر قتل ہوا ہے۔

واضح رہے کہ اسلام آباد میں نور مقدم کے قتل کا واقعہ 20 جولائی کو رونما ہوا تھا۔ پولیس کے مطابق خاتون کو تیز دھار آلے سے گلا کاٹ کر قتل کیا گیا، واقعے کا مقدمہ ان کے والد اور سابق سفیر شوکت مقدم کی مدعیت میں درج کروایا گیا، جس میں مقتولہ کے دوست ظاہر جعفر کو نامزد کیا گیا تھا۔

Tabool ads will show in this div