حیدرآباد: متحدہ اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنوں میں تصادم
حیدآباد میں متحدہ قومی موومنٹ اور پاک سرزمین پارٹی کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا۔
سماء ٹی وی کے مطابق پی ایس پی کارکنوں نے الزام لگایا کہ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال کی ریلی کے دوران بھائی خان چاڑی پر ایم کیو ایم کارکنوں نے پتھراؤ کیا۔
رپورٹ کے مطابق بھائی خان چاڑی پر قائم ایم کیو ایم پاکستان کے زونل آفس کے قریب پی ایس پی اور ایم کیو ایم کارکنوں کے درمیان تصادم ہوا، جس پر پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور مشتعل کارکنوں کو منتشر کردیا۔
اس دوران دونوں جانب سے ایک دوسرے پر پتھراؤ کیا گیا، ایم کیو ایم زونل آفس کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ آفس میں بھی مشتعل افراد نے توڑ پھوڑ کی۔
پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال حیدرآباد پریس کلب پر پریس کانفرنس کے بعد ریلی کی شکل میں پکا قلعہ جارہے تھے جب یہ واقعہ رونما ہوا۔