مینارپاکستان بدسلوکی واقعہ: خاتون ٹک ٹاکر نے 6ملزمان کوشناخت کرلیا
گریٹر اقبال پارک لاہور ميں خاتون سے بدسلوکی کے الزام میں گرفتار 6 افراد کو ٹک ٹاکر نے شناخت کرلیا، گرفتار ملزمان کے عزیز و اقارب نے کیمپ جیل کے باہر احتجاجی مظاہرہ بھی کیا۔
لاہور کے گریٹر اقبال پارک میں یوم آزادی 14 اگست کے موقع پر خاتون ٹک ٹاکر سے بدسلوکی کا واقعہ رونما ہوا، پولیس نے 400 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کیا، تاہم وائرل ہونیوالی ویڈیوز کے ذریعے تقریباً 100 سے زائد افراد کو شناخت کرکے گرفتار کیا گیا تھا۔
جیل ذرائع کے مطابق خاتون ٹک ٹاکر نے متعدد ملزمان میں سے 6 کو شناخت کرلیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ واقعے کے روز اس کے اردگرد یہی افراد موجود تھے۔
دوسری طرف جیل کے باہر ملزمان کے عزیز و اقارب جمع ہوئے اور گرفتاریوں کیخلاف احتجاج کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونیوالے نوجوان بے قصور ہیں۔
احتجاج کے دوران فیروز پور روڈ پر ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں، مظاہرین اور پولیس اہلکاروں کے درمیان بحث و تکرار بھی ہوتی رہی۔
مینار پاکستان پر خاتون ٹک ٹاکر عائشہ اکرم کے ساتھ بدسلوکی کے واقعے کا سپریم کورٹ نے 23 اگست کو از خود نوٹس لیا۔ آئی جی پنجاب کی طرف سے عدالت عظمیٰ کے انسانی حقوق سیل میں واقعے سے متعلق رپورٹ جمع کرائی گئی۔ جس میں بتایا گیا کہ اب تک 92 افراد کو گرفتار کیا گیا، ملزمان کو سامنے لاکر مثالی سزائیں دلوائی جائیں گی۔