کراچی سمیت سندھ بھر میں آج سے بارش کی پیشگوئی

تیز ہوائیں بھی چلیں گی
Sep 01, 2021

[video width="640" height="360" mp4="https://i.samaa.tv/wp-content/uploads/sites/11//usr/nfs/sestore3/samaa/vodstore/urdu-digital-library/2020/09/Weather-Ftg-khi-01-09.mp4"][/video]

محکمہ موسمیات نے کراچی سمیت سندھ بھر میں یکم سے 3 ستمبر تک تیز بارش کی پیز گوئی کی ہے۔

خلیج بنگال میں بننے والا ہوا کا کم دباؤ سندھ میں داخل ہوگيا ہے۔ جس کے بعد آج بدھ یکم ستمبر کو کراچی کے علاقے ملير، گڈاپ، گلشن حديد اور کاٹھور ميں کہيں ہلکی اور کہيں تيز بارش ریکارڈ کی گئی۔ جب کہ تھرپارکر، بدین میں بھی وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق یکم سے 3 ستمبر کے دوران کراچی سمیت صوبے بھر میں تیز ہوائیں چلنے اور بارش کا امکان ہے۔

بارشیں کراچی سمیت سندھ کے مختلف اضلاع میں جاری رہیں گی۔ سندھ میں آج سے معتدل درجے کی مون سون ہوائیں داخل ہوں گی۔ مون سون ہوائیں 45 تا 50 کلو میٹر کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ تھر پارکر، عمر کوٹ، سانگھڑ سمیت دیگر اضلاع میں بھی بادل برسیں گے۔ جب کہ کہیں تیز ہواؤں اور کہیں گرچ چمک کے ساتھ معتدل اور تیز بارش ہو سکتی ہے۔

میٹ آفس کے مطابق بدھ یکم ستمبر کو کراچی میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔

ممکنہ اثرات

میٹ آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس دوران بارش سے شدید حبس اور گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔ تاہم آندھی کے باعث نقصان کا خدشہ ہے۔ 02 ستمبر( جمعرات )اور 03 ستمبر (جمعہ) کو تیز بارش کے باعث کراچی، ٹھٹہ، بدین اور حیدر آباد میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔ اس دوران کوہ سلیمان اور مشرقی بلوچستان کے مقامی اور برساتی ندی نالوں میں طغیانی کا بھی امکان ہے۔

دیگر علاقوں کا موسم

کشمیر ، خیبر پختو نخوا ،اسلام آباد ، گلگت بلتستان ،شمال مشرقی بلوچستان، بالائی پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ جب کہ ملک کے دیگر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔

Tabool ads will show in this div