پاکستان میں3سال سےبڑےبچوں کی ویکسینشین دسمبرمیں متوقع ہے،امریکی پروفیسر

ڈاکٹر اقبال آفریدی کےاعزاز میں تقریب سےخطاب

رپورٹ: محمد وقار بھٹی

معروف امریکی ماہر نفسیات اور بیلر کالج آف میڈیسن کے شعبہ نفسیات کے سربراہ پروفیسر ڈاکٹر عاصم شاہ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں 3 سال اور اس سے زائد عمر کے بچوں کے لیے کرونا ویکسینیشن اکتوبر میں شروع ہونے کا امکان ہے جبکہ پاکستان میں اس عمل کا آغاز دسمبر میں متوقع ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر عاصم شاہ نے کراچی میں معروف ماہر نفسیات پروفیسر ڈاکٹر اقبال آفریدی کے اعزاز میں چلڈرن اسپتال کراچی کی جانب سے منعقد کردہ ایک تقریب کے دوران کلیدی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا کی چوتھی لہر میں بچے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں جس کے بعد دنیا بھر میں حکام نے فیصلہ کیا ہے کہ 3 سال سے زائد بچوں کو بھی ویکسین لگائی جائے۔

اس موقع پر پاکستانی ڈاکٹروں اور طبی عملے کی کرونا وبا کے دوران خدمات کے اعتراف میں پروفیسر ڈاکٹر اقبال آفریدی سمیت دیگر ڈاکٹروں کو بھی شیلڈز اور اسناد سے بھی نوازا گیا۔

پروفیسر ڈاکٹر عاصم شاہ نے بتایا کہ اس وقت ٹیکساس کے چلڈرن اسپتال کے تمام بیڈز ایسے بچوں سے بھرے ہوئے ہیں۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کرونا سے بچوں کی ذہنی صحت پر بھی شدید اثرات مرتب ہوئے ہیں لہٰذا و الدین اور سوسائٹی کا فرض ہے کہ وہ بچوں کو ان ذہنی اثرات سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسکول بند ہونے اور اپنے دوستوں سے ملنے کے مواقع نہ ہونے کی وجہ سے بچے نفسیاتی عوارض کا شکار ہو رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بچوں کو ویکسین لگانے کے بعد اسکول کھولنے کے نتیجے میں بچوں کی ذہنی حالت میں بہت بہتری آنے کا امکان ہے۔

پروفیسر ڈاکٹر عاصم شاہ نے اس موقع پر معروف پاکستانی ماہر نفسیات اور پاکستان سائکیٹرک سوسائٹی کے سابق صدر پروفیسر اقبال آفریدی کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے نہ صرف کرونا سے پہلے بلکہ وبا کے دوران بھی ذہنی امراض کا شکار افراد خاص طور پر بچوں کے لیے اپنی جان خطرے میں ڈالی جس کے نتیجے میں وہ خود بھی اس مرض کا شکار ہوئے اور شدید بیمار رہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر اقبال آفریدی نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈالنے کے باوجود پاکستان میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی خدمات کو اس طرح نہیں سراہا گیا جس طرح دوسرے ممالک میں ان کی پذیرائی کی گئی۔

انہوں نے اس موقع پر ملنے والے ایوارڈ کو پاکستان کے طبی عملے کے نام کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ڈاکٹروں نرسوں اور دیگر طبی عملے نے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر لوگوں کی خدمت کی جس کی وجہ سے ہزاروں انسانی جانیں بچ سکیں۔

تقریب کے آرگنائزر اور معروف بون میرو ٹرانسپلانٹ سرجن ڈاکٹر ثاقب انصاری کا کہنا تھا کہ پروفیسر اقبال آفریدی وہ واحد پاکستانی ڈاکٹر ہیں جنہیں پاکستان میں رہتے ہوئے کسی امریکی کالج کا پروفیسر مقرر کیا گیا جو کہ پورے پاکستان کے لیے ایک اعزاز ہے۔

اس موقع پر جناح اسپتال کی سابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر سیمیں جمالی، موجودہ ایگزیکٹیو ڈائریکٹر پروفیسر طارق محمود، پروفیسر تسنیم احسن، کرکٹر شعیب محمد، توصیف احمد،اولمپئن اصلاح الدین، محکمہ صحت سندھ کے فوکل پرسن ڈاکٹر سکندر میمن، ایڈیشنل سیکرٹری اعجاز خانزادہ سمیت سینئر ڈاکٹر اور دیگر شخصیات موجود تھیں۔ تقریب سے ورلڈ سائکیٹرک ایسوسی ایشن کے صدر ڈاکٹر افسر جاوید نے آن لائن خطاب کیا۔

COVID-19

CORONA VACCINE

CORONA NEWS

Tabool ads will show in this div