گوادر میں 35 قیمتی باز اسمگل کرنے کی کوشش ناکام

ایف سی اور محکمہ جنگلی حیات نے مشترکہ کارروائی کی

بلوچستان کے ضلع گوادر میں ایف سی اور محکمہ جنگلی حیات نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے نایاب پرندوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی، 35 قیمتی باز برآمد کرلئے گئے۔

رپورٹ کے مطابق گودار میں ایف سی اور محکمہ وائلڈ لائف نے خفیہ اطلاع پر مشترکہ کارروائی کرکے سمندری راستے سے بیرون ملک قیمتی بازوں کی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنادی۔

سیکیورٹی اداروں نے کارروائی کے دوران 35 اعلیٰ نسل کے باز برآمد کرکے اپنے قبضے میں لے لئے، ان بازوں کو جیونی زیرو پوائنٹ کے مقام پر ڈپٹی کنزرویٹر فاریسٹ اینڈ وائلڈ لائف یار محمد بلوچ، سی او، ایف سی 88 ونگ لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور اسسٹنٹ کمشنر گوادر کیپٹن راجہ اطہر عباس کی موجودگی میں آزاد کردیا گیا۔

حکام کے مطابق برآمد ہونیوالے پرندوں کو خیبرپختونخوا سے اسمگل کرکے جیونی پہنچایا گیا تھا، جنہیں سمندری راستے سے خلیجی ممالک اسمگل کرنا تھا۔

ایف سی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران برآمد کئے گئے سائبیریا سے آنے والے مہمان شکاری پرندوں کی خلیجی ممالک میں قیمت کروڑوں روپے ہے۔

Tabool ads will show in this div