لاہور گینگ ریپ کیس:ملزمان کوشناخت پریڈ کیلئے جیل بھیج دیا
لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے ماں بیٹی کے ساتھ گینگ ریپ کرنے والے ملزمان کو شناخت پریڈ کے لیے جیل بھیج دیا۔
پولیس نے گزشتہ روز گرفتار ہونے والے ملزمان عمر فاروق اور منصب کو عدالت میں پیش کیا جہاں ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیجنے کی استدعا کی گئی۔
عدالت نے پولیس کی استدعا منظور کرتے ہوئے ملزمان کو شناخت پریڈ پر جیل بھیج دیا جبکہ ملزمان کی 7روز میں شناخت پریڈ کا عمل مکمل کرنے کا حکم دیا۔
فاضل جج نے پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ پولیس نے کیا چوہنگ کے مقدمے میں ریپ کی دفعات نہیں لگائی تھی، جس پر پراسیکیوٹر نے بتایا کہ ملزمان ماں بیٹی کو ایل ڈی اے ایونیو ون میں لے کر گئے اور ملزمان نے ویران جگہ پر لے جا کر اسلحہ کے زور پر ماں بیٹی سے ریپ کا مطالبہ کیا، اسی وجہ سے مقدمے میں 365 اے دفعہ لگائی ہے۔
متاثرہ خواتین کے بیانات کی کاپی اور میڈیکل رپورٹس عدالت میں پیش کی گئیں۔ تفتیشی افسر کے مطابق میڈیکل رپورٹس میں ملزمان کا ریپ کرنا ثابت ہوچکا ہے۔
مقدمے میں اغوا برائے تاوان اور اسلحہ کے زور پر ڈکیتی کی دفعات شامل ہیں۔
واقعہ گزشتہ شب چوہنگ میں اس وقت پیش آیا جب وہاڑی کی رہائشی ماں بیٹی ٹھوکر نیاز بیگ کے بائی پاس اڈے پر اتریں اور وہاں سے انہوں نے صدر کینٹ جانے کے لیے رکشہ لیا۔
اس دوران ڈرائیور نے اپنے ساتھی کو بھی اسی رکشے میں بٹھا لیا اور منزل کی بجائے رکشہ ایل ڈی اے ایونیو لے جا کر ویرانے میں روک دیا جہاں دونوں ملزمان نے ماں بیٹی کا ریپ کیا۔