راول پنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ مریض دم توڑ گیا،تعداد دو ہوگئی
اسٹاف رپورٹ
راول پنڈی : راول پنڈی میں ڈینگی سے متاثرہ مزید ایک اور مریض دم توڑ گیا، جس کے بعد پنجاب میں رواں سیزن ڈینگی سے ہلاک افراد کی تعداد نو تک پہنچ چکی ہے۔ متاثرہ شخص راول پنڈی کے فیملی اسپتال میں زیر علاج تھا،متاثرہ ستائیس سالہ کا تعلق آزاد کشمیر سے تھا۔ شہر میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد تین سو ستاسی سے تجاوز کرگئی ہے۔ مختلف علاقوں میں مچھر مار اسپرے نہ ہونے پر شہری سراپا احتجاج ہیں۔
راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں ڈینگی وائرس کے مریضوں میں اضافہ ہو رہا ہے۔ انسداد ڈینگی مہم کے انچارج ڈاکٹر عنصر کے مطابق ضلع بھر میں اب تک تین سو ستاسی مریضوں کا ڈینگی ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔
ہولی فیملی اسپتال میں زیرعلاج ڈینگی کے دو مریضوں کے جاں بحق ہونے کے باعث شہری فکرمند ہیں۔ مچھر مار اسپرے نہ ہونے پر علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی غفلت کے باعث ڈینگی پھیل رہا ہے۔ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ عوام میں آگاہی کے لئے شہر کے مختلف علاقوں میں کیمپ لگائےجا رہے ہیں تاہم وہ سردیوں کی آمد کو ہی ڈینگی سے نجات کا ذریعہ سمجھتے ہیں۔ سماء