بانی ایم کیو ایم کی بہن سائرہ خاتون انتقال کرگئیں

وہ دارالصحت میں زیر علاج تھیں

بانی ایم کیو ایم کی بڑی بہن سائرہ خاتون کراچی میں انتقال کرگئیں۔

متحدہ قومی موومنٹ کے بانی و قائد الطاف حسین کی بڑی ہمشیرہ سائرہ خاتون کراچی میں دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کر گئیں۔ خاندانی ذرائع کے مطابق ان کی عمر 80 برس تھی۔

سائرہ خاتون کی کچھ روز قبل گٹھنے کی سرجری ہوئی تھی، جس کے بعد انہیں گھر منتقل کردیا گیا تھا، وہ دل کے عارضے میں بھی مبتلا تھیں، طبیعت بگڑنے پر سائرہ خاتون کو گزشتہ روز دوبارہ گلستان جوہر، کراچی کے دارالصحت اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں آج دوپہر 2 بجے ان کا انتقال ہوگیا۔

فی الحال سائرہ خاتون کی نماز جنازہ اور تدفین کا فیصلہ نہیں ہوا۔

بانی ایم کیو ایم کی جلاوطنی کے بعد سے سائرہ خاتون پارٹی میں کافی سرگرم تھیں، تاہم 22 اگست 2016ء کو ایم کیو ایم پاکستان اور لندن کی علیحدگی کے بعد سے وہ غیر فعال تھیں۔

سربراہ تنظیم (ایم کیو ایم پاکستان) بحالی کمیٹی ڈاکٹر فاروق ستار نے سائرہ خاتون کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مرحومہ نے تحریک کیلئے بہت خدمات سر انجام دیں جو ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ مرحومہ کیلئے دعا کرتے ہوئے انہوں نے تمام اہلخانہ، لواحقین اور پسماندگان سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔

Tabool ads will show in this div