کشمیر پریمیئرلیگ کا اولین ٹائٹل راولاکوٹ ہاکس نے جیت لیا

فائنل میں مظفر آباد ٹائیگرز کو 7 رنز سے شکست
Aug 17, 2021

کشمیر پریمیئر لیگ کا اولین ٹائٹل راولا کوٹ ہاکس نے اپنے نام کرلیا۔ فائنل میں مظفر آباد ٹائیگرز کو 7 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ کاشف علی نے ایک بار پھر جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے نصف سنچری اسکور کی، آصف آفریدی نے 3 شکار کئے۔

مظفر آباد میں کھیلے گئے کشمیر پریمیئر لیگ 2021ء کے فائنل میں مظفر آباد ٹائیگرز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ راولاکوٹ ہاکس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 169 رنز بنائے۔

ٹیم کو شاندار سنچری کی بدولت فائنل میں پہنچانے والے کاشف علی فائنل کے ٹاپ اسکورر رہے، انہوں نے 28 گیندوں پر 5 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 54 رنز کی اننگز کھیلی، بسم اللہ خان 30 اور صاحبزادہ فرحان 28 رنز بناسکے۔

محمد حفیظ اور اسامہ میر نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

مظفر آباد ٹائیگرز 170 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 9 وکٹوں پر 162 رنز تک محدود رہی، ذیشان اشرف نے 49 اور محمد حفیظ نے 29 رنز بنائے۔

آصف آفریدی نے 4 اوورز میں 22 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ انہیں میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

Kashmir Premier League

RAWLAKOT HAWKS