عمررسیدہ خاتون غیرت کےنام پرشوہرکےہاتھوں قتل
کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ میں شوہر نے بیٹے کے ساتھ مل کر اپنی 65 سالہ بیوی اور پڑوسی کوغیرت کے نام پر قتل کردیا۔
پولیس کے مطابق ملزم نے کاروکاری کا الزام لگا کر اپنی بیوی کو کلہاڑی کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتارديا قتل کی واردات ميں مقتولہ کے شوہر کے ساتھ علاوہ ان کا سوتيلا بيٹا بھی شريک تھا جو اب تک قانون کی گرفت ميں نہيں آسکا ہے جبکہ مرکزی ملزم گرفتار کرلیا گیا ہے۔
سترہ مارچ دوہزاراکيس کو بیوی کو قتل کرنے کے بعد مبینہ قاتل میر ہزار نے 13 اگست کو پڑوسی اللہ بخش کو بھی قتل کرديا۔
ملزم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اپنی بیوی کو گناہ کرتے آنکھوں سے دیکھا جس پر اس نے کلہاڑی سے بیوی کے کندھے اور سر پر وار کیا۔ اس نے بتایا کہ اس موقع پر اس کا بیٹا دروازے پر کھڑا تھا تاکہ کوئی اندر داخل نہ ہو۔ اس نے مزید بتایا کہ اس واقعے کے بعد وہ گاؤں میں تھا کہ اسے پتہ چلا اس کے بیٹے نے پڑوسی کو ماردیا۔
پولیس اس بات کا جائزہ لے رہی ہے کہ آیا کاروکاری کے نام پر 65 سالہ خاتون کے قتل کے پيچھے کوئی اور وجوہات تو نہیں۔ ملزم سے اب تک آلہ قتل برآمد نہیں ہوا ہے۔ دیگر نامزد افراد کی تلاش جاری ہے۔