کراچی: شرجیل میمن کی بیرون ملک جانے کی درخواست منظور

نیب کی جانب سے مخالفت
[caption id="attachment_2308624" align="alignnone" width="800"]Sharjeel Inaam Memon فوٹو: آن لائن[/caption]

سندھ ہائيکورٹ نے سابق صوبائی وزير شرجيل انعام ميمن کی بيرون ملک جانے کی درخواست منظور کرلی۔

عدالت کی جانب سے شرجیل انعام میمن کو 30دن کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دی گئی۔ شرجیل میمن کو 10لاکھ روپے زرضمانت جمع کرانے کا حکم دیا۔

سندھ ہائیکورٹ کی جانب سے اجازت نیب کورٹ کی اجازت سے مشروط ہے۔

نیب نے شرجیل میمن کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دینے کی مخالفت کی۔ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ شرجیل میمن باہر چلے گئے تو واپس نہیں آئیں گے۔

واضح رہے کہ پیپلزپارٹی رہنما شرجيل میمن نے اہلخانہ سے ملاقات کے ليے بيرون جانے کی درخواست کی تھی۔

اس سے قبل، سندھ ہائی کورٹ نے شرجیل میمن، ان کی اہلیہ اور ان کی والدہ کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کے لیے سیکریٹری داخلہ کو ہدایت کی تھی۔

نیب نے ایک ریفرنس دائر کر رکھا ہے جس کے مطابق شرجیل میمن کے 2.43 ارب روپے کے اثاثے ہیں اور انہوں نے متعدد رشتہ داروں کے نام پر جائیدادیں خرید رکھی ہیں۔ پی پی رہنما پر الزام ہے کہ انہوں نے 18لاکھ روپے غیر قانونی طور پر حوالہ اور ہنڈی کے ذریعے ملک سے باہر منتقل کیے۔

SHARJEEL MEMON

Tabool ads will show in this div