وزیراعلیٰ بلوچستان، اسپیکر اسمبلی کے درمیان پھر سے اختلافات
بلوچستان اسمبلی کے اسپیکر عبدالقدوس بزنجو نے الزام لگایا ہے کہ جام کمال اپنی ہی جماعت کے لوگوں کو انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہے ہیں اور مجھ سمیت بہت سے ارکان وزیراعلیٰ کے رویے سے نالاں ہیں۔
گزشتہ روز کوئٹہ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالقدوس بزنجو کا کہنا تھا کہ تین سال سے وزیراعلیٰ جام کمال میرے حلقے میں مسلسل مداخلت کر رہے ہیں، خاموش رہا کہ پارٹی اور حکومت کو کوئی نقصان نہ پہنچے لیکن میری خاموشی کو مجبوری سمجھا گیا۔
انہوں نے کہا میں خاموش رہا کہ شاید وقت کے ساتھ وزیراعلیٰ ان چیزوں کو بہتر کریں گے لیکن دن بدن حالات بہتری کی بجائے ابتری کی طرف جاتے گئے مگر اب خاموش نہیں رہوں گا۔ پارٹی کو کوئی نقصان پہنچا تو اس کے ذمے دار جام کمال ہوں گے۔
اسپیکر اسمبلی کا کہنا تھا کہ بی اے پی بنانے کا مقصد بلوچستان کے عوام کی خدمت کرنا تھا لیکن وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان عالیانی کے رویے کے باعث پارٹی محدود ہوکر رہ گئی ہے۔