لاہور: ولیمے میں فائرنگ،اسد کھوکھر کے بھائی جاں بحق
لاہور میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر جاں بحق ہوگئے۔
لاہور میں ہونے والی ولیمے کی تقریب میں وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی موجود تھے۔
واقعہ میں اسد کھوکھر کے بھائی مبشر کھوکھر سمیت 2 افراد شدید زخمی ہوئے تھے، جنہیں فوری طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم اسد کھوکھر کے بھائی مبشر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دوران علاج چل بسے۔
فائرنگ کے واقعہ میں ملوث 2 افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔
ترجمان پنجاب حکومت
ترجمان پنجاب حکومت مسرت چیمپہ کا کہنا ہے کہ واقعہ میں ٹارگٹ کون تھا ، ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا ہے۔ فائرنگ سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب جا چکے تھے۔
وزیراعلی بھی موجود
ملک حسنين کے وليمے ميں وزيراعلیٰ عثمان بزدارپنجاب کے علاوہ دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق حملہ آوروں نے وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی گاڑی کے قریب آکر فائرنگ کی۔
ذاتی دشمنی؟
پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی تحقیقات سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کی بنا پر پیش آیا ہے۔ ملزم ان کے گاؤں کا ہی رہنے والا ہے۔
ملزم کا ابتدائی بیان
ملزم کا اپنے ابتدائی بیان میں کہنا تھا کہ جیسے ہی اہل خانہ وزیراعلیٰ پنجاب کو رخصت کرکے واپس مڑے تو فائرنگ کردی اور ایک گولی ان کے سر پر بھی لگی۔
ملزم نے ابتدائی بیان میں بتایا کہ ملک مبشر المعروف ملک گوگا میرے چچا کے قتل میں ملوث تھے، اپنے چچا کے قتل کا بدلہ لینے کے لئے ملک گوگا کو قتل کیا، میرا چچا کچھ عرصہ قبل قتل ہوا تھا۔
اسد کھوکھر کون ہیں؟
خیال رہے کہ اسد کھوکھر سابق وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کی جانب سے خالی کردہ پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 168 پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
اسد کھوکھر کا نام لاہور رنگ روڈ کیس میں سامنے آنے پر انہوں نے عہدے سے مستفیٰ ہونے کا اعلان کیا تھا، جس کے بعد آج بروز جمعہ 6 اگست کو انہیں دوبارہ پنجاب کابینہ میں شامل کرنے کا نوٹی فیکیشن جاری کیا گیا تھا۔ اس سے قبل وہ وزیر فشریز کے عہدے پر برا جمان تھے۔
شہباز گل
دوسری طرف وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ وزیراعلی پنجاب سے بات ہوئی ہے۔ وہ خیریت سے ہیں اور رہائش گاہ پر موجود ہیں۔
انہوں نے لکھا کہ حملہ آوروں نے ان کی گاڑی کے بالکل قریب آ کر فائرنگ کی۔ وزیراعلیٰ کی سکیورٹی نے حملہ آور کو قابو میں لے کر گرفتار کیا۔ بدقسمتی سے اسد کھوکھر کے بھائی اس حملے کے نتیجے میں جاں بحق ہوگئے ہیں۔