کراچی میں لاک ڈاؤن سندھ حکومت کا اچھا فیصلہ ہے،ڈاکٹرفیصل سلطان
ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر قابو پانے کے لیے کراچی میں لاک ڈاؤن سندھ حکومت کا اچھا فیصلہ ہے۔
وزیراعظم کے مشیر برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے آج چمن پاک افغان بارڈر کا دورہ کیا اور پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد پر پولیو ویکسین اور کرونا ویکسین کے انتظامات کا جائزہ لیا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان نےپولیو ٹیموں کے ورکرز سے بھی ملاقات کی۔انھوں نے پولیو اور کرونا وائرس کے روک تھام کے لئے کیے گئے انتظامات پر ضلعی انتظامیہ کی تعریف کی اور ان کے انتظامات کو سراہا گیا۔
ڈاکٹر فیصل سلطان کو چمن کی ضلعی انتظامیہ نے پولیو اور کرونا ویکسین کے حوالے سے بریفنگ دی۔دورے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ چمن بارڈر کا اس لئے دورہ کیا تاکہ وہاں پر پولیو اور کرونا وائرس کے خلاف ویکسین کے لئے کیے گئے انتظامات کا جائزہ لیا جاسکے کیونکہ پولیو پوری دنیا سےختم ہوچکا ہے مگر اب تک افغانستان اور پاکستان میں موجود ہے جس کو ختم کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
ڈاکٹر فیصل نے بتایا کہ ملک میں اس وقت کراچی میں کرونا کے کیسز کی تعداد بہت زیادہ ہوگئی جس کے باعث کراچی میں لاک ڈاؤن کرنا پڑا اور یہ سندھ حکومت کا اچھا اقدام ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے بچنے کے لئے عوام ماسک کا استعمال کریں،سماجی فاصلہ رکھیں اور ویکسین لگوائیں۔
انھوں نے یہ بھی کہا کہ بلوچستان میں عوام کوصحت کارڈ کی فراہمی کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان سے بات کی جائے گی تاکہ بلوچستان کے غریب عوام کو صحت کے مواقع مل سکے۔